خبریں

کشمیر: پلوامہ میں انکاؤنٹر،افسر سمیت چار فوجی کی موت

 پولیس نے بتایا کہ یہ جھڑپ پلوامہ کے پنگلینا گاؤں میں سوموار کی صبح ایک مکان کے اندر چھپے عسکریت پسندوں کے ساتھ ہوئی۔

علامتی تصویر/فوٹو : پی ٹی آئی

علامتی تصویر/فوٹو : پی ٹی آئی

نئی دہلی : کشمیر کے جنوبی ضلع پلوامہ میں جمعرات کو ہونے والے بم حملے کے بعدسوموار کی صبح عسکریت پسندوں اور فوج کے درمیان ایک اور جھڑپ میں ایک میجر سمیت چار فوجی کے مارے جانے کی خبر ہے۔

بی بی سی اردو کی ایک خبر کے مطابق پولیس نے بتایا کہ یہ جھڑپ پلوامہ کے پنگلینا گاؤں میں سوموار کی صبح ایک مکان کے اندر چھپے عسکریت پسندوں کے ساتھ ہوئی۔ پولیس کے ترجمان منوج کمار نے بی بی سی اردو کو جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عسکریت پسندوں کی موجودگی کے بارے میں خفیہ اطلاع ملتے ہی فوج نے گاؤں کا محاصرہ کر لیا، تاہم ایک مکان میں چھپے عسکریت پسندوں نے فوجیوں پر فائرنگ کر دی۔

خبر کے مطابق: منوج کمار نے ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی ہے، تاہم فوجی ذرائع نے بتایا کہ تصادم میں میجر ڈی ایس ڈوندیال، ہیڈ کانسٹیبل سیو رام، سپاہی اجے کمار اور سپاہی ہری سنگھ مارے گئے، جبکہ حملہ آور محاصرہ توڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ذرائع کے مطابق اس جھڑپ میں اُس مکان کا مالک بھی ہلاک ہوگیا جس کے مکان میں عسکریت پسندوں نے مبینہ طور پر پناہ لی تھی۔

غور طلب ہے کہ گذشتہ سنیچر کو بھی ایل او سی کے قریب راجوری ضلع میں ایک بارودی دھماکے میں ایک فوجی میجر کی جان چلی گی تھی۔