خبریں

مغربی بنگال حکومت- سی بی آئی تنازعہ کے دوران پولیس کمشنر رہے راجیو کمار کا تبادلہ

راجیو کمار کے سی آئی ڈی میں تبادلے کے بعد مغربی بنگال پولیس کےاے ڈی جی انوج شرما کو اب کولکاتہ کا نیا کمشنر بنایا گیا ہے۔

کولکاتہ پولیس کمشنر راجیو کمار، فوٹو: پی ٹی آئی

کولکاتہ پولیس کمشنر راجیو کمار، فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: سی بی آئی اور مغربی بنگال حکوت کے بیچ ہوئے تنازعہ کے دوران چرچہ میں رہے کولکاتہ پولیس کمشنر راجیو کمار کا تبادلہ ہو گیا ہے۔ مغربی بنگال پولیس کے اے ڈی جی لاء اینڈ آرڈر انوج شرما کو اب کولکاتہ پولیس کا نیا کمشنر بنایا گیا ہے۔ انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق؛ گزشتہ منگل کو راجیو کمار کو سی آئی ڈی کے اے ڈی جی اور انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی )کے عہدے پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

غور طلب ہے کہ شاردا چٹ فنڈ معاملے میں سی بی آئی افسروں کی ٹیم راجیو کمار سے پوچھ تاچھ کرنے پہنچی تھی لیکن کولکاتہ پولیس نے سی بی آئی کے افسروں کو یہ بول کر حراست میں لے لیا کہ انھوں نے ریاستی حکومت سے اجازت نہیں لی ہے۔ جس کے بعد یہ تنازعہ اتنا بڑھ گیا کہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی دھرنے پر بیٹھ گئیں تھیں۔

1991 بیچ کے آئی پی ایس افسر شرما کو 2015 میں آئی جی (لاء اینڈ آرڈر )سے اے ڈی جی کے عہدے پر پرموشن کر دیا گیا تھا۔ انھوں نے دارجلنگ میں گزشتہ سال کے گورکھا تنازعہ کے بعد لاء اینڈ آرڈر بنائے رکھنے میں اہم رول ادا کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق؛ مغربی بنگال بی جے پی دہلی میں پارٹی قیادت پر دباؤ ڈال رہی ہے کہ وہ لوک سبھا انتخابات سے پہلے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے قریبی آئی پی ایس افسروں کے ایک گروپ پر دباؤ بنائے اور راجیو کمار اسی لسٹ میں ٹاپ پر تھے۔

کمار کو شیلانگ میں سی بی آئی کے ذریعے پوچھ تاچھ کا سامنا کرنا پڑا، جب سپریم کورٹ نے ان کو ایجنسی کے سامنے آنے اور شاردا چٹ فنڈ گھوٹالے کے معاملوں کی جانچ میں تعاون کرنے کی ہدایت دی تھی۔ سبھی غیر ضروری تنازعوں سے بچنے کے لیے عدالت نے شیلانگ کو میٹنگ کی جگہ کے طور پر منتخب کیا  اور یہ واضح کر دیا کہ کمار کو گرفتار نہیں کیا جائے گا۔