خبریں

اترپردیش: اے ٹی ایس نے جیش محمد کے دو مبینہ دہشت گرد کو کیا گرفتار

پولیس کا دعویٰ ہے کہ  ان کا تعلق جیش محمد سے ہے۔پولیس نے کہا کہ ہم اس کی بھی جانچ کر رہے ہیں کہ وہ یہاں  پلواما حملے کے پہلے آئے ہیں یا بعد میں۔

فوٹو: اے این آئی

فوٹو: اے این آئی

نئی دہلی: اترپردیش پولیس کے اے ٹی ایس نے سہارن پور کے دیو بند سے دو مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا  ہے۔پولیس کا دعویٰ ہے کہ  ان کا تعلق جیش محمد سے ہے۔ یوپی کے اے ڈی جی پی او پی سنگھ نے پریس کانفرنس کر کے یہ جانکاری دی۔گرفتار کیے گئے لوگوں میں کلگام کے شاہنواز احمد اور پلواما کے عاقب احمد ملک کا نام شامل ہے۔انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق؛سنگھ نے کہا کہ’ یہ کہنا مشکل ہے کہ وہ یوپی میں  14 فروری کو ہوئے پلواما حملے کے پہلے آئے یا بعد میں ۔ہم اس کی جانچ کر رہے ہیں ۔’

 انھوں نے بتایا کہ ان میں سے ایک شاہنواز احمد تیلی  کشمیر کے کلگام کا رہنے والا ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ شاہنواز جیش کا سرگرم ممبر ہے۔ جبکہ عاقب ملک پلواما کا رہنے والا ہے۔یہ دونوں خود کو اسٹوڈنٹ بتا کر وہاں رہ رہے تھے۔

یو پی اے ٹی ایس  کے مطابق؛ان کو مبینہ دہشت گردوں کے پاس  سے  پسٹل  اور زندہ کارتوس ملے ہیں۔

نو بھارت ٹائمس کی ایک خبر کے مطابق؛ پولیس ان کے پلواما حملے سے جڑے تار بھی تلاش رہی ہے۔ ڈی جی پی نے بتایا کہ شاہنواز کو دہشت گرد تنظیم کی طرف سے بھرتی کا کام دیا گیا تھا۔ اسی مقصد سے وہ کئی بار دیو بند آچکا تھا۔لمبے وقت سے پولیس ٹیم دونوں  کی نگرانی کر رہی تھی۔ انھوں نے بتایا  کہ عاقب، شاہنواز کا ساتھی ہے۔

پولیس نے بتایا کہ شاہنواز کو گرینیڈ کا ایکسپرٹ مانا جاتا ہے۔اس کے علاوہ ان کی ‘جہادی چیٹ’ بھی پولیس کے ہاتھ لگی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ فوٹو اور ویڈیو بھی ان کے پاس ملے ہیں،جن کو لے کر جانچ کی جا رہی ہے۔پولیس نے بتایا کہ ان  کو جمعرات کی دیر رات کو گرفتار کیا گیا تھا۔ان کو لکھنؤکورٹ میں پیش کیا جائے گا۔ جہاں پولیس کسٹڈی کی ڈیمانڈ کرے گی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ان سے آگے کی پوچھ تاچھ اور جانچ میں اس بات کی جانکاری لی جائے گی کہ انھوں نے کتنے لوگوں کو دہشت گرد تنظیم میں بھرتی کیا ہے،ان کی فنڈنگ کہاں  سے ہو رہی تھی،ان کا آگے کا ٹارگیٹ کیا تھا۔ ڈی جی پی نے بتایا کہ یو پی پولیس اس بارے میں جموں و کشمیر پولیس کے ساتھ بھی رابطے میں ہے۔

دریں اثنا اتر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ کے پی موریہ نے کہا کہ یو پی اے ٹی ایس نے جیش محمد کے دو مشکوک دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے اور ان کے پاس سے ہتھیار ضبط کیے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ملک کے دشمنوں کو پیغام ہے کہ اب دہشت گرد ہم سے چھپ نہیں سکتے۔

(خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے ان پٹ کے ساتھ)