خبریں

امن کا پیغام دینے کے لیے ہندوستانی پائلٹ کو کل رہا کریں گے: عمران خان

اس سے قبل امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ہند وپاک کے بیچ جاری کشیدگی کے کم ہونے کی امید ہے اور جلد ہی ’اچھی خبر‘ آنے والی ہے ۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے جمعرات کو پارلیامنٹ میں کہا کہ بدھ کو حراست میں لیے گئے پائلٹ ابھینندن کو جمعہ کو رہا کر دیا جائے گا۔ عمران  خان نے کہا کہ امن کا پیغام دینے کے لیے پاکستان کی جانب سے یہ قدم اٹھایا جائے گا۔

واضح ہو کہ بدھ، 27 فروری کو پاکستان نے دعویٰ کیا کہ اس نے اپنے ہوائی حلقے میں دو ہندوستانی جنگی طیاروں کو مار گرایا ہے اور دو پائلٹ کو حراست میں لیا ۔ حالاں کہ بعد میں پاکستان کی جانب سے ایک بیان جاری کر کے کہا گیا ہے کہ اس کے قبضے میں صرف ایک ہی پائلٹ ہے ۔ بعد میں اس پائلٹ کی پہچان ونگ کمانڈر ابھینندن کے طور پر ہوئی۔

ڈان کی خبر کے مطابق، ہند وپاک کے بیچ کشیدگی کے درمیان وزیر اعظم عمران خان پارلیامنٹ کے مشترکہ سیشن کو خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی طرف سے ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کو فون کرنے کی کوشش اس لیے کی گئی کیوں کہ حالات کا خراب ہونا نہ پاکستان کے حق میں ہوگا نہ ہندوستان کے ۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کشمیر مسئلے پر بات چیت ضروری ہے ۔ عمران خان نے جنگ کے امکان پر کہا کہ ، مجھے ڈر ہے کہ کچھ غلط قیاس آرائیاں ہوں گی ۔ انہوں نے کہا غلط قیاس آرائیوں کی وجہ سے کئی ملک تباہ ہوگئے ۔ جنگ کوئی حل نہیں ۔ اگر ہندوستان کو ئی قدم اٹھاتا ہے تو ہمیں جواب دینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے ایسا لگتا ہے کہ ہندوستان کی عوام وہا ں کی موجودہ حکومت کے جنگی جنون سے متفق نہیں ہے ۔ اگر ان  کی میڈیا نے وہ دیکھا ہوتا جو ہماری میڈیا نے گزشتہ 17 سالوں میں دیکھا ہے تب شاید انہوں نے اس طرح جنگ جیسا ماحول تیا رنہیں کیا ہوتا۔

اس بیچ ہندوستانی وزارت خارجہ نے مگ 21 سمیت اپنا ایک پائلٹ لاپتہ ہونے کی بات کہی تھی۔

غور طلب ہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ہند وپاک کے بیچ جاری کشیدگی کے کم ہونے کی امید ہے اور جلد ہی ‘اچھی خبر’ آنے والی ہے ۔ اتر کوریائی رہنما کم جونگ ان کے ساتھ ویت نام میں سمٹ سے الگ ٹرمپ نے کہا کہ پاک وہند کے جد وجہد سے متعلق اچھی خبر ہے ۔ امید ہے کہ یہ ختم ہونے کو ہے ۔بلو مرگ ایشیا نے ٹرمپ کے اس بیان  کو ٹوئٹ کیا ہے۔