خبریں

کھیل کی دنیا: شوٹنگ عالمی کپ میں ہندوستان کو 3 گولڈ، کرکٹ میں افغانستان کی بے مثال کارکردگی

افغانستان کےبلے باز حضرت اللہ نے اپنی بلے بازی سے سب کو حیران کر دیا ہے۔گزشتہ دنوں آئرلینڈ کے خلاف ٹی20میچ کے دوران حضرت اللہ نے صرف62 گیندوں  پر  162 رن بنائے اور ٹیم کا اسکور 278 رنوں تک پہنچا دیا۔ٹی20میں یہ کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا اسکور ہے۔

سوربھ چودھری ،فوٹو: رائٹرس

سوربھ چودھری ،فوٹو: رائٹرس

حالانکہ ہندوستان کو آئی ایس ایس ایف شوٹنگ عالمی کپ میں وہ کامیابی نہیں ملی جو اسے ملنی چاہئے مگر تین گولڈ اور ایک اولمپک کوٹہ کی وجہ سے اسے کچھ حد تک بہتر کارکردگی ہی کہی جائے گی۔اس ٹورنامنٹ میں ہندوستان کو پہلا گولڈ خواتین کے زمرے میں اپوروی چندیلا نے دلایا۔اپوروی کودس میٹر ایئر رائفل میں گولڈ ملا۔انہوں نے گولڈ حاصل کرنے کے علاوہ عالمی ریکارڈ بھی بنایا۔اپوروی نے 252.9پوائنٹ کے اسکور کے ساتھ عالمی ریکارڈ بنایا۔گزشتہ ریکارڈاس بار سلور میڈل حاصل کرنے والی چین کی رووجھو جھاؤں کے نام تھا جنہوں نے گزشتہ سال کوریا میں عالمی کپ کے دوران 252.4پوائنٹ کا اسکور بنایا تھا۔

ہندوستان کو دوسرا گولڈ پچھلے کچھ مہینوں سے نشانے بازی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سوربھ چودھری نے دلایا۔سوربھ نے نہ صرف عالمی ریکارڈ کے ساتھ گولڈ جیتا بلکہ اس زمرے میں انہوں نے ہندوستان کو اولمپک کوٹہ بھی دلا دیا۔دس میٹر ایئر پسٹل میں گولڈ جیتنے والے سوربھ پہلی بار سنیئر لیول پر عالمی کپ میں اترے تھے۔واضح رہے کہ اس زمرے میں جونیئر لیول کا عالمی ریکارڈ بھی سوربھ کے ہی نام ہے۔یہ ریکارڈ انہوں نے کوریا میں گزشتہ سال 245.5پوائنٹ کے اسکور کے ساتھ بنایا تھا۔سینئر لیول پر سوربھ نے 245 پوائنٹ کے اسکور کے ساتھ نیا عالمی ریکارڈبنایا۔گزشتہ ریکارڈ یوکرین کے نشانے باز کے نام تھا جنہوں نے گزشتہ سال جرمنی کے میونخ میں عالمی کپ کے دوران 243.5پوائنٹ اسکور کئے تھے۔ہندوستان کو تیسرا گولڈ سوربھ چودھری اور منو بھاکر کی جوڑی نے دلایا۔ان دونوں کی جوڑی نے 10 میٹر ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم مقابلے میں گولڈ جیتا۔

فوٹو: رائٹرس

فوٹو: رائٹرس

ایک زمانے میں گیند بازوں پر قہر بن کر ٹوٹنے والے سری لنکا کے بلے باز سنت جے سوریہ پر انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے کرکٹ سے متعلق کسی بھی سرگرمی میں شامل ہونے پر دو سال کی پابندی لگا دی ہے۔ 1996کے عالمی کپ کے دوران پہلی ہی گیند سے گیند باز پر آفت بن جانے کی وجہ سے سرخیوں میں آئے جے سوریہ کرکٹ سے ریٹائر ہونے کے بعد لنکا میں سلیکشن کمیٹی کے چیف بھی رہے۔اس عالمی کپ میں جے سوریہ مین آف دی سیریز رہے تھے اور لنکا کو عالمی کپ دلانے میں انہوں نے بہت اہم کردار ادا کیا تھا۔آئی سی سی کے مطابق جے سوریہ نے دو غلطی کی ۔ایک تو انہوں نے اینٹی کرپشن یونٹ کی جانچ میں تعاون نہیں کیا اور دوسرے اینٹی کرپشن یونٹ کی جانچ میں انہوں نے رکاوٹ ڈالی اور ثبوتوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کیا۔جے سوریہ نے اسے آئی سی سی کی جانب سے زیادتی بتایا ہے اور کہا ہے کہ انہوں نے اینٹی کرپشن یونٹ کو مکمل تعاون دیا پھر بھی مجھ پر پابندی لگا دی گئی ہے۔جے سوریہ نے کل 586انٹرنیشنل میچ کھیلے جن میں انہوں نے 21032رن بنائے اور440وکٹیں حاصل کیں۔

قومی چمپئن دیپک سنگھ نے ایران میں منعقد مکران کپ مکے بازی ٹورنامنٹ میں بہترین کھیل دکھاتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی۔وہ یہاں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے واحد ہندوستانی گیند باز رہے۔ انہوں نے گولڈ کےلئے جعفر ناصری کو شکست دی۔ہندوستان کے دوسرے پانچ مکے باز بھی فائنل میں پہنچے مگر ان سب کو سلور میڈل سے ہی اطمینان کرنا پڑا۔دیپک کو49کلو گرام کی کٹیگری میں گولڈ میڈل ملا۔جن پانچ ہندوستانی مکے بازوں کو سلور میڈل ملا ان میں پی للت پرساد،منیش کوشک،دریودھن سنگھ نیگی،سنجیت اور ستش کمار کے نام شامل ہیں۔

آسٹریلیا میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے لوٹی ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو اپنے ہی ملک میں آسٹریلیا کے خلاف پہلے کھیلے گئے دونوں ٹی20میچوں میں مایوسی ہاتھ لگی ہے۔ہندوستان کو دونوں ہی میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔پہلے میچ میں تو ایک بار ایسا لگا بھی کہ ہندوستان کو جیت مل سکتی ہے مگر دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے بڑی آسانی سے ہندوستان کو ہرا دیا ۔اپنے ہی ملک میں ایسی شکست مناسب نہیں کہی جا سکتی۔پہلا میچ ایک موقع پر بہت دلچسپ ہو گیا اور ایسا لگا کہ ہندوستان کو جیت مل سکتی ہے مگر جسپریت بمراہ کی محنت پر امیش یادو نے پانی پھیرا اور آخری گیند پر آسٹریلیا کو تین وکٹ سے جیت مل گئی۔دوسرے ٹی20میچ آسٹریلیا سات وکٹ سے جیتا۔سیریز میں شکست کے بعد کوہلی کاوہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا جس کے مطابق وہ کافی وقت سے اپنی سرزمین پر کرکٹ کے کسی بھی فارمیٹ میں سیریز نہیں ہا رے تھے۔

حضرت اللہ، فوٹو: ٹوئٹر

حضرت اللہ، فوٹو: ٹوئٹر

افغانستان کرکٹ کی بہت پرانی ٹیم نہیں ہے مگر اس کے کھلاڑی جس کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں ویسا دنیا کی بڑی بڑی ٹیموں کے کھلاڑی نہیں کرتے۔کبھی گیند باز راشد نے بہترین گیندبازی سے دنیا کے سامنے اپنا لوہا منوایا تھاتو اب بلے باز حضرت اللہ نے اپنی بلے بازی سے سب کو حیران کر دیا ہے۔

گزشتہ دنوں آئرلینڈ کے خلاف ٹی20میچ کے دوران حضرت اللہ نے صرف62گیندوں پر 162رن بنائے اور ٹیم کا اسکور 278رنوں تک پہنچا دیا۔ٹی20میں یہ کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا اسکور ہے۔اس میچ کے دوران افغانستان نے22چھکے لگائے۔یہ بھی کسی ٹیم کے ذریعہ ایک اننگ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ ہے۔حضرت اللہ نے اپنی اننگ کے دوران16چھکے لگائے۔یہ بھی کسی ایک بلے باز کے ذریعہ ٹی20کی ایک اننگ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ ہے۔