خبریں

قرض میں ڈوبے انل امبانی کو گجرات میں 648 کروڑ روپے کا ایئر پورٹ بنانے کا ٹھیکہ ملا

گجرات کے راجکوٹ میں گرین فیلڈ ایئر پورٹ بنانے  کا ٹھیکہ پانے کے لئے انل امبانی کے ریلائنس انفراسٹرکچر کے علاوہ ایل اینڈ ٹی، ایف کان، دلیپ بلڈکان اور گائتری پروجیکٹ سمیت 9 کمپنیوں نے درخواست دی تھی۔

انل امبانی (فوٹو : پی ٹی آئی)

انل امبانی (فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: انل امبانی کی کمپنی ریلائنس انفراسٹرکچر کو گجرات کے راجکوٹ میں گرین فیلڈ ایئر پورٹ بنانے  کا ٹھیکہ مل گیا ہے۔ ایئر پورٹ راجکوٹ کے ہیراسر میں بنایا جائے‌گا۔ کمپنی نے ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی ہے۔ امبانی کو ملے اس ٹھیکہ کی قیمت 648 کروڑ روپے ہے۔این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق، کانٹریکٹ پانے کے لئے ریلائنس کے علاوہ ایل اینڈ ٹی، ایف کان، دلیپ بلڈکان اور گائتری پروجیکٹ سمیت نو کمپنیوں نے درخواست دی تھی۔

ریلائنس انفراسٹرکچر کی طرف سے کہا گیا ہے کہ اس نے سب سے زیادہ تکنیکی اسکور (92.2 فیصد) حاصل کیا اور اس کی بولی سب سے کم تھی۔ایئر پورٹ احمد آباد اور راجکوٹ کو جوڑنے والی قومی شاہراہ کے پاس اور راجکوٹ ایئر پورٹ سے تقریباً 36 کلومیٹر دور بنایا جائے‌گا۔ریلائنس انفراسٹرکچر کا کہنا ہے کہ ایئر پورٹ بننے سے احمد آباد سے آنے والے ٹریفک سے  نجات ملنے کی امید ہے۔

کمپنی ڈیزائننگ، انجینئرنگ، رن وے، ٹیکسی وے، ایپرن، فائر اسٹیشن اور انسٹرومنٹ لائٹنگ سسٹم کے جائزے اور تعمیر میں شامل ہوگی۔ریلائنس انفراسٹرکچر کے مطابق، ایئر پورٹ کا کام 30 مہینوں میں پورا کیا جانا ہے۔

غور طلب ہے  کہ انل امبانی کی کمپنی کو ایسے وقت میں ایئر پورٹ بنانے کا ٹھیکہ ملا ہے، جب ان کی کمپنی ریلائنس ڈیفنس رافیل ڈیل کو لےکر تنازعے میں چل رہی ہے۔ حزب مخالف کا الزام ہے کہ دفاع کے شعبہ  میں ریلائنس کا کوئی تجربہ نہیں ہے، اس کے باوجود ہندوستان ایئروناٹکس لمیٹڈ (ایچ اے ایل) کو درکنار کر کے ریلائنس ڈیفنس کو ٹھیکہ دیا گیا۔

حالانکہ مرکز کی مودی حکومت، ریلائنس اور فرانس کی کمپنی داسو نے حزب مخالف کے تمام الزامات کی تردید کی ہے۔افسروں نے ایئر پورٹ کانٹریکٹ کو لےکر کسی بھی طرح کا تنازعہ ہونے سے انکار کیا ہے، کیونکہ ریلائنس انفراسٹرکچر کا ایئر پورٹ بنانے کا تجربہ ہے۔ مہاراشٹر میں یہ کمپنی مؤثر موجودگی رکھتی ہے۔واضح  ہو کہ انل امبانی کی ملکیت والی ریلائنس کمیونی کیشنس(آرکام) نے تقریباً 45000 کروڑ روپے کے قرض کو چکانے کے لئے اپنی جائیدادوں کو بیچنے میں ناکام رہنے پر نیشنل کمپنی لاء ٹریبونل (این سی ایل ٹی) کی ممبئی بنچ میں دیوالیہ عرضی دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس کے علاوہ انل امبانی کی کمپنی ریلائنس کمیونی کیشنس کا سویڈن کی موبائل کمپنی ایرکسن سے بھی تنازعہ چل رہا ہے۔ معاملہ فی الحال سپریم کورٹ میں ہے۔پچھلے مہینے سپریم کورٹ نے ایرکسن معاملے میں ریلائنس کمیونی کیشنس (آرکام) کے چیئر مین انل امبانی کو ہتک عزت کا مجرم قرار دیا ہے۔ عدالت نے ان کو سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود سویڈن کی مواصلاتی کمپنی ایرکسن کو 550 کروڑ روپے نہیں چکانے کا ملزم پایا ہے۔

عدالت نے امبانی کے علاوہ کمپنی کے دو ڈائریکٹرس کو بھی ہتک عزت کا مجرم  قرار دیا۔ کورٹ نے ہرایک پر ایک ایک کروڑ روپے کا جرمانہ بھی لگایا ہے۔ اگر ایک مہینے کے اندر جرمانے کی رقم جمع نہیں کرائی گئی تو ایک مہینے کی جیل ہو سکتی ہے۔سپریم کورٹ نے انل امبانی کو چار ہفتے کے اندر ایرکسن کو 453 کروڑ روپے چکانے کو کہا ہے اور ایسا نہ کرنے پر ان کو 3 مہینے کی جیل کی سزا ہو سکتی ہے۔