خبریں

مدھیہ پردیش: کمل ناتھ حکومت نے کمپیوٹر بابا کو ریور ٹرسٹ کا چیئر مین بنایا

کمپیوٹر بابا سمیت پانچ سنتوں کو ریاستی وزیر کا درجہ دیے جانے کے بعد مدھیہ پردیش کی گزشتہ شیوراج چوہان حکومت کے فیصلے کو کانگریس نے تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

کمپیوٹر بابا /فوٹو بشکریہ : فیس بک

کمپیوٹر بابا /فوٹو بشکریہ : فیس بک

نئی دہلی: مدھیہ پردیش میں کانگریس حکومت نے نام دیو تیاگی عرف کمپیوٹر بابا کو ‘ماں نرمدا، ماں شپرا اور ماں منداکنی ریور ٹرسٹ ‘ کاچیئر میں مقرر کیا ہے۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، ریور ٹرسٹ کے چیئر مین  کی تقرری  کا یہ حکم مدھیہ پردیش کی کمل ناتھ حکومت نے گزشتہ 8 مارچ کو جاری کیاہے۔ حالانکہ اس حکم میں کمپیوٹر بابا کے درجے اور اس نئی ذمہ داری کے ساتھ ان کے ذریعے اٹھائی جانے والی سہولیات کو لےکر کچھ بھی واضح نہیں کہا گیا ہے۔

کمل ناتھ حکومت کے ذریعے تشکیل شدہ روحانی محکمہ (Spiritual Department) کی طرف سے یہ حکم گزشتہ 10 مارچ کو عام کیا گیا۔واضح  ہو کہ اپریل 2018 میں مدھیہ پردیش کی اس وقت کی شیوراج سنگھ چوہان حکومت نے کمپیوٹر بابا کو ریاستی وزیر کا درجہ دے دیا تھا، جس کو لےکر کافی تنازعہ ہوا تھا۔

اس کے بعد گزشتہ سال اکتوبر میں کمپیوٹر بابا نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اور اسمبلی انتخاب میں بی جے پی کو گنہ گار بتاتے ہوئے پارٹی کی مخالفت میں تشہیر شروع کی  تھی۔ انہوں نے بدھنی انتخابی حلقہ میں شیوراج سنگھ چوہان کے خلاف تشہیر بھی کی تھی۔کمپیوٹر بابا کے علاوہ نرمدانند مہاراج، ہریہرانند مہاراج، بھیو مہاراج اور پنڈت یوگیندر مہنت کو بھی ریاستی وزیر بنایا گیا تھا۔

اس وقت اپوزیشن میں رہتے ہوئے کانگریس نے کمپیوٹر بابا اور چار دیگر مذہبی گروؤں کو ریاستی وزیر کا درجہ دئے جانے کے فیصلے کو لےکر اس وقت کی بی جے پی حکومت کی تنقید بھی کی تھی۔

بہر حال، کمپیوٹر بابا نے انڈین ایکسپریس سے بات چیت میں بتایا، ضابطہ اخلاق نافذ ہونے والا تھا۔ سہولیات اور کیا درجہ ہوگا اس کا اعلان بعد میں کیا جائے‌گا آخری گھڑی میں تقرری کر کےانہوں نے (حکومت) سمجھداری کا کام کیا ہے۔کمپیوٹر بابا نے بتایا کہ نرمدا میں غیر قانونی کھدائی روکنا اور ندی کے کنارے رہ رہے لوگوں کی کمیٹیاں بناکر تینوں ندیوں کو صاف رکھنا، ان کی ترجیح ہوگی۔

کمپیوٹر بابا نے کہا، میں نے شیوراج سنگھ چوہان حکومت میں عہدہ اس لئے چھوڑا تھا کیونکہ وہ حکومت غیر قانونی کھدائی کو روکنے کے لئے کچھ نہیں کر رہی تھی۔ نئی حکومت نے غیر قانونی کھدائی کو روکنے کے لئے مجھ پر بھروسہ جتایا اس لئے میں نے اس عہدے کو قبول‌کر لیا۔ ‘انہوں نے کہا کہ وہ کوئی رہنما نہیں ہیں بلکہ نرمدا ندی کے متعلق ایک ڈیڈی کیٹڈ سنت ہیں۔