خبریں

ممبئی: فوٹ اوور برج گرنے سے 6 کی موت، 6 مہینے پہلے ملا تھا فٹ فار یوز سرٹیفیکٹ

ممبئی کا یہ برج ٹائمس آف انڈیا بلڈنگ کے پاس کے علاقے کو چھترپتی شیواجی ٹرمنس ریلوے اسٹیشن سے جوڑتا ہے۔ ممبئی حملے کے دوران دہشت گرد قصاب نے اسی پل کا استعمال کیا تھا۔

ممبئی میں چھترپتی شیواجی ٹرمنس کے پاس فوٹ اوور برج کے گرے ہوئےحصے کی تصویر (فوٹو :اے این آئی)

ممبئی میں چھترپتی شیواجی ٹرمنس کے پاس فوٹ اوور برج کے گرے ہوئےحصے کی تصویر (فوٹو :اے این آئی)

نئی دہلی: ممبئی کے چھترپتی شیواجی ٹرمنس کے پاس جمعرات کو فوٹ اوور برج کا ایک بڑا حصہ گرنے کے معاملے میں مرنے والے لوگوں کی تعداد بڑھ‌کر چھ ہو گئی ہے جبکہ 31 لوگ زخمی ہوئے ہیں۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، اس برج کو تقریباً چھ مہینے پہلے آڈٹ رپورٹ میں فٹ فار یوز بتایا گیا تھا۔ اس واقعہ سے آڈٹ رپورٹ پر سوال کھڑے ہو گئے ہیں۔

تقریباً دو سال ہی میونسپلٹی  کے ذریعے تقرر کئے گئے کانٹریکٹرس نے ممبئی کے تمام 314 پلوں، سب وے اور اسکائی واک کا آڈٹ کیا تھا۔بی ایم سی کے کمشنر اجائے مہتہ کا کہنا ہے، ‘ میں نے اسٹرکچر آڈٹ سے جڑے دستاویزوں کی کسٹڈی مانگی ہے۔ ایک بار اس کو دیکھنے کے بعد آگے کی کارروائی کی جائے‌گی۔ لاپروائی پائے جانے پر سخت کارروائی ہوگی۔ ‘

افسروں کا کہنا ہے کہ فوٹ اوور برج تقریباً 35 سال پرانا تھا اور اس کی آخری بار11-2010 میں مرمت کی گئی تھی۔ایک افسر نے کہا، ‘ 2016 میں سوکش بھارت ابھیان کے تحت برج کے شمالی حصے کی آرائش کی گئی تھی لیکن اس کی مرمت نہیں کی گئی تھی۔ اس میں برج کی کھپریل بدلی گئی تھی اور نیا پینٹ کیا گیا تھا۔ ‘

جنوری 2019 میں بی ایم سی نے 50 سے زیادہ برج، فلائی اوور، فوٹ اوور برج اور اسکائی واک کی مرمت کے لئے 65 کروڑ روپے خرچ کئے تھے۔ افسروں کا کہنا ہے کہ چھترپتی شیواجی ٹرمنس پر جمعرات کو جو برج گر گیا ہے، اس کو اسٹرکچرل آڈٹ میں فٹ قرار دیا گیا تھا اور صرف معمولی مرمت کی سفارش کی گئی تھی۔ 314 برج کی آڈٹ میں 14 برج کی تعمیرنو اور مسمار کرنے  کی سفارش کی گئی تھی، جن میں پانچ فوٹ اوور برج شامل تھے۔

اس معاملے پر مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیویندر فڈنویس نے کہا، ‘ یہ بدقسمتی ہے۔ میں نے اعلیٰ سطحی جانچ‌کے حکم دئے ہیں۔ برج کا پہلے اسٹرکچرل آڈٹ ہوا تھا اور اس میں یہ فٹ پایا گیا تھا۔ اگر اس کے بعد بھی اس طرح کا واقعہ ہوا ہے تو اس سے آڈٹ پر سوالیہ نشان کھڑا ہوتا ہے۔ اس کی تفتیش کی جائے‌گی، سخت کارروائی کی جائے‌گی۔ ‘

وزیراعلیٰ نے مرنے والوں  کی فیملیوں کو پانچ-پانچ لاکھ روپے اور زخمی لوگوں کے لئے 50-50 ہزار روپے کا معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ زخمیوں کے علاج کا خرچ بھی ریاستی حکومت ہی اٹھائے‌گی۔ ممبئی کا یہ برج ٹائمس آف انڈیا بلڈنگ کے پاس کے علاقے کو چھترپتی شیواجی ٹرمنس ریلوے اسٹیشن سے جوڑتا ہے۔

  26/11ممبئی حملے کے دوران  قصاب نے اسی برج کا استعمال کیا تھا۔اس لیے اس کو قصاب برج کے نام سے جانا جاتا ہے۔