خبریں

بہار: ٹکٹ کو لے کر روی شنکر پرساد اور بی جے پی کے راجیہ سبھا ایم پی آر کے سنہا کے حمایتیوں کے بیچ مار پیٹ

بی جے پی کارکنوں نے روی شنکر پرساد گو بیک اور آر کے سنہا(بی جے پی راجیہ سبھا ایم پی) زندہ آباد کے نعرے بھی لگائے۔بی جے پی کے کارکن روی شنکر پرساد کی امیدواری پر بھی سوال اٹھا رہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ بی جے پی نے کارکنوں کی بے عزتی کی ہے اور ایسے لوگوں کو ٹکٹ دیا ہے جو سماج میں کبھی نہیں آتے۔

روی شنکر پرساد، فوٹو: پی آئی بی

روی شنکر پرساد، فوٹو: پی آئی بی

نئی دہلی:لوک سبھا الیکشن 2019 کے مد نظر پٹنہ میں آج بی جے پی کے ہی دو  رہنماؤں کے حمایتیوں کے بیچ جم کر مار پیٹ ہوئی۔ این ڈی ٹی وی کی ایک خبر کے مطابق؛پٹنہ ایئر پورٹ کے باہر بی جے پی کارکنوں کے گروپ نے مرکزی وزیر اور پٹنہ صاحب سے امیدوار روی شنکر پرساد کے خلاف مظاہرہ کیا۔ بی جے پی کارکنوں نے روی شنکر پرساد گو بیک اور آر کے سنہا(بی جے پی راجیہ سبھا ایم پی) زندہ آباد کے نعرے بھی لگائے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق؛ راجیہ سبھا ایم پی اور آر کے سنہا بھی ٹکٹ چاہتے تھےمگر ان کو بی جے پی نے ٹکٹ نہیں دیا۔ یہی وجہ ہے آر کے سنہا کے حمایتیوں نے روی شنکر پرساد کے خلاف مظاہرہ کیا اور نعرے لگائے۔ غور طلب ہے کہ آر کے سنہا پرائیویٹ سکیورٹی ایجنسی چلاتے ہیں ۔واضح ہو کہ بی جے پی نے اس بار شتروگھن سنہا کا ٹکٹ کاٹ کر مرزی وزیر روی شنکر پرساد کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔

بی جے پی کے کارکن روی شنکر پرساد کی امیدواری پر بھی سوال اٹھا رہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ بی جے پی نے کارکنوں کی بے عزتی کی ہے اور ایسے لوگوں کو ٹکٹ دیا ہے جو سماج میں کبھی نہیں آتے۔پٹنہ ایئر پورٹ پر بی جے پی کارکنوں اور دونوں رہنماؤں کے حمایتیوں نے مار پیٹ کے ساتھ غیر مہذب زبان کا استعمال بھی کیا۔

(خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے ان پٹ کے ساتھ)