خبریں

کھیل کی دنیا: ایشین ایئرگن چمپئن شپ میں ہندوستان کی بہتر کارکرگی اور اذلان شاہ کپ میں خطاب کے قریب

اپنی تیز گیند بازی سے بلے بازوں میں خوف پیدا کر دینے والے سری لنکا کے لیستھ ملنگا نے آئندہ سال عالمی ٹی20کے بعد کرکٹ کو الوداع کہہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئندہ سال عالمی ٹی20کے بعد ٹی 20سے بھی ریٹائر ہو جا ئیں گے۔

فوٹو : پی ٹی آئی

فوٹو : پی ٹی آئی

تائپے کے تائیوان میں جاری بارہویں ایشیائی ایئر گن چمپئن شپ میں ہندوستانی نشانے بازوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اب تک تین گولڈ حاصل کر لئے تھے۔ پہلے تو منو بھاکر اور سوربھ چودھری کی جوڑی نے دس میٹر ایئر پسٹل مکسڈ ڈبلز مقابلے میں کوالی فکیشن ورلڈ ریکارڈ توڑتے ہوئے گولڈمیڈل جیتااس کے بعد ہندوستان کو دوسرا گولڈ جونیئر زمرے میں ملا۔یہاں دو ہندوستانی ٹیموں نے فائنل میں جگہ بنائی جہاں شریا اگروال اور یش وردھن کی جوڑی نے میہولی گھوش اور کیول پرجاپتی کی جوڑی کو شکست دے کر گولڈ جیتنے میں کامیابی حاصل کی۔

وجے ویر سدھو اور ایشا سنگھ نے بھی جونیئر زمرے کاطلائی تمغہ جیتنے میں کامیابی حاصل کی۔سوربھ اور منو کی بات کریں تو یہ ان دونوں جوڑیوں کی لگاتار دوسرے مہینے یہ بڑی کامیابی ہے ۔ ان دونوں نے ایک ماہ پہلے آئی ایس ایف ایف ورلڈ کپ مرحلے میں مکسڈ ڈبلز ٹیم مقابلے کا گولڈ میڈل جیتا تھا۔ منو اور سوربھ کی جوڑی نے اسی مقابلے میں نئی دہلی عالمی کپ میں بھی گولڈ میڈل جیتا تھا۔

دنیا کے بڑے ہاکی ٹورنامنٹوں میں سے ایک اذلان شاہ کپ میں لگتا ہے اس بار ہندوستان کی ٹیم خطاب حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں ہندوستان اورجنوبی کوریا نے جگہ بنا لی ہے۔اس بار پورے ٹورنامنٹ کے دوران ہندوستان نے کمال کی کارکرگی کا مظاہرہ کیا۔اس نے یہاں اب تک کل ملا کر پانچ بار خطاب حاصل کئے ہیں۔آخری بار ہندوستان کو یہاں 2010میں خطاب حاصل ہوا تھا۔اس بار کمال کی بات یہ ہوئی کہ ہندوستان اور جنوبی کوریا کی ٹیموں نے لیگ میچوں کے باقی رہتے ہوئے ہی فائنل میں جگہ بنا لی۔

دوسری ٹیمیں ان کے قریب بھی نہیں رہیں۔ہندوستان نے پانچ میچ کھیلے اور ان میں سے چار میں جیت حاصل کی۔جنوبی کوریا کے خلاف ایک میچ ڈرا رہا۔اس بار ہندوستان نے پہلے میچ میں جاپان کو 2-0سے ہرایا،اس کے بعد جنوبی کوریا کے خلاف میچ 1-1سے ڈرا رہا۔اگلے میچ میں ہندوستان نے میزبان ملیشیا کو4-2سے جبکہ اس کے بعد کناڈا کو7-3سے ہرایا۔کناڈا کے خلاف میچ میں مندیپ سنگھ نے ہیٹ ٹرک بھی کی۔فائنل میچ سے پہلے ہندوستان کا آخری مقابلہ پولینڈ سے ہوا جہاں ہندوستانی ٹیم نے پولینڈ کو ایک طرح سے روندتے ہوئے 10-0سے حیت حاصل کر لی۔گروپ میچوں کے دوران اس شاندار کارکردگی کی وجہ سے ایسی امید ہے کہ اس بار ہندوستانی ٹیم یہاں خطاب حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔

راسخ سلام، فوٹو: ٹوئٹر

راسخ سلام، فوٹو: ٹوئٹر

جموں وکشمیر جیسی ریاست سے اگر کوئی کھلاڑی بڑے لیول پر سامنے آتا ہے اور انڈین پریمیئر لیگ جیسے بڑے ٹورنامنٹ میں اسے کھیلنے کا موقع ملتا ہے تو یہ اپنے آپ میں ایک بڑی بات ہے۔پرویز رسول کے بعد راسخ سلام جموں وکشمیر کے ایسے دوسرے کرکٹر بنے ہیں جنہیں آئی پی ایل میں کھیلنے کا موقع ملا ہے۔پرویز رسول نے آئی پی ایل تو کھیلا ہی انہیں عالمی سطح پر بھی ہندوستان کی نمائندگی کرنے کا موقع ملا۔گزشتہ سیزن میں کنگس الیون پنجاب نے منظور ڈار کو ٹیم میں شامل کیا تھا مگر انہیں ایک بھی میچ کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔5اپریل 2001کو پیدا ہونے والے راسخ سلام کا تعلق جنوبی کشمیر کے کولگام سے ہے وہ اس سیزن میں ممبئی انڈینس کی جانب سے کھیل رہے ہیں۔

ٹیم میں وہ بحیثیت تیز گیند باز کھیل رہے ہیں۔جس دن راسخ نے ٹیم کے لئے پہلا میچ کھیلا اس دن اس کی عمر 17سال اور 353دن تھی۔اس طرح وہ ممبئی انڈینس کی جانب سے کھیلنے والے سب سے کم عمر کے کھلاڑی ہیں۔راسخ کی صلاحیت کو سب سے پہلے عرفان پٹھان نے پہچانا اور بعد میں انڈر19کوچ بہار ٹرافی کے دوران ممبئی انڈینس نے ان کی صلاحیت کو دیکھتے ہوئے انہیں اپنی ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔اب یہ دیکھنا بڑا دلچسپ ہوگا کہ وہ آئی پی ایل میں کیسی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں اور انہیں قومی ٹیم میں جگہ مل پاتی ہے یا نہیں؟

اپنی تیز گیند بازی سے بلے بازوں میں خوف پیدا کر دینے والے سری لنکا کے لیستھ ملنگا نے آئندہ سال عالمی ٹی20کے بعد کرکٹ کو الوداع کہہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ملنگا کے مطابق اس سال وہ عالمی کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ کو الوداع کہہ دیں گے اس کے بعد آئندہ سال عالمی ٹی20کے بعد ٹی 20سے بھی ریٹائر ہو جا ئیں گے۔28اگست1983کو گلے میں پیدا ہونے والے ملنگا نے اب تک 218ون ڈے میں 322وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ ٹی20میں انہوں نے 73میچوں میں 97وکٹیں حاصل کی ہیں۔

ملنگا نے اپنے کیریئر کے دوران کئی ریکارڈ بنائے جن میں کچھ بہت ہی خاص ہیں۔وہ دنیا کے واحد ایسے گیندباز ہیں جنہیں لگاتار چار گیندوں پر چار وکٹ لینے کا شرف حاصل ہے۔وہ دنیا کے واحد ایسے گیند باز ہیں جنہوں نے ون ڈے کرکٹ میں تین بار ہیٹ ٹرک کی ہے۔وہ عالمی کپ میں دو ہیٹ ٹرک کرنے والے دنیا کے واحد گیند باز ہیں۔ان دنوں آئی پی ایل جاری ہے تو اس موقع پر یہ ریکارڈ جاننا بھی ضروری ہے کہ اس سطر کے لکھے جانے تک آئی پی ایل کے سبھی سیزن کو ملا کر سب سے زیادہ وکٹ لینے کا ریکارڈ بھی ملنگا کے ہی نام ہے۔ملنگا نے آئی پی ایل کے111میچوں میں154وکٹیں حاصل کی ہیں۔