خبریں

نمو ٹی وی کے خلاف عام آدمی پارٹی نے الیکشن کمیشن کو لکھاخط

بی جے پی نے  چینل کا نام وزیر اعظم مودی کے نام پر نمو رکھا ہے ۔ٹی وی چینل کے نام کا حوالہ دیتے ہوئے عام آدمی پارٹی نے پوچھاہے کہ اگر کمیشن کی اجازت کے بغیر نمو چینل شروع کیا گیا ہے  تو اس پر کمیشن نے کیا کارروائی کی ہے؟

فوٹو: بی جے پی ٹوئٹر

فوٹو: بی جے پی ٹوئٹر

نئی دہلی:  عام آدمی پارٹی نے الیکشن کمیشن کو ایک خط لکھ کر انتخاب سے ٹھیک پہلے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی ) کی جانب سے نمو ٹی وی شروع کیے جانے پر اعتراض کیا ہے۔ خط میں پوچھاگیا ہے کہ ، کیا کسی سیاسی پارٹی کو اس طرح کی اجازت دی جاسکتی ہے ، جس کے تحت ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کے بعد بھی کوئی پارٹی اپنا ٹی وی چینل شروع کر سکے؟

قابل ذکر ہے کہ بی جے پی نے چینل کا نام وزیر اعظم مودی کے نام پر نمو رکھا ہے ۔ٹی وی چینل کے نام کا حوالہ دیتے ہوئے عام آدمی پارٹی نے پوچھاہے کہ اگر کمیشن کی اجازت کے بغیر نمو چینل شروع کیا گیا ہے  تو اس پر کمیشن نے کیا کارروائی کی ہے؟

اپنی شکایت میں عام آدمی پارٹی نے یہ بھی پوچھا ہے کہ اس چینل پر آنے والے پروگرام پر کس کی نگرانی ہوگی اور کیا بی جے پی نے چینل پر آنے والے پروگراموں اور اس کے نشر ہونے میں آنے والے خرچ کی تصدیق کرانے کے لیے کمیشن کی میڈیا  سرٹیفکیشن اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی سے رابطہ کیا ہے۔ اگر ایسا نہیں کیا گیا تو کمیشن نے بی جے پی سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی  کے معاملے میں اس کی وجہ  پوچھی ہے یا نہیں؟

عام آدمی پارٹی نے اس معاملے میں گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کمیشن سے جلد از جلد کارروائی کی گزارش کی ہے۔

غور طلب ہے کہ اس سے قبل  بی جے پی نے 31 مارچ کو اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ،الیکشن کے رنگوں سے ملیے،جمہوریت کے رقص کا نظارہ کیجیے،نمو ٹی وی کے ساتھ ایک بار پھر نمو کہیے۔ ٹوئٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ریئل ٹائم میں(لائیو) وزیر اعظم مودی کی انتخابی تشہیر سے روبرو ہونے کے لیے نمو ٹی وی ٹیون کیجیے اس کے علاوہ دوسرے دلچسپ مواد  سے لطف حاصل کیجیے۔