خبریں

اتراکھنڈ: ثالثی سے پریشان کسان نے کی خودکشی، مبینہ سوسائڈ نوٹ میں لکھا بی جے پی کو ووٹ نہ دیں

یہ معاملہ ہری دوار کے لکسر کا ہے۔ 65 سالہ کسان ایشور چند شرما نے سوسائڈ نوٹ میں بینک سے 5 لاکھ کا لون دلانے والے ثالثی پر پیسے کے لیے ان کو بلیک میل کرنے کا الزام لگایا ہے۔

Laksar-Map

نئی دہلی: اترا کھنڈ کے ہری دوار ضلع میں واقع ڈڈکی گاؤں میں ایک کسان کا مبینہ سوسائڈ نوٹ بر آمد کیا گیا ہے جس پر لکھا ہے کہ بی جے پی کے لیے ووٹ نہ کریں۔سوموار کو پولیس نے اس کی جانکاری دی۔دی ٹائمس آف انڈیا کے مطابق؛65 سالہ کسان ایشور چند شرما نے سوموار کو صبح زہر پی کر خودکشی کر لی تھی۔ اسپتال لے جانے کے دوران ان کی موت ہو گئی تھی۔

مبینہ سوسائڈ نوٹ میں کسان نے لکھا ہے،’ بی جے پی حکومت نے 5 سالوں میں کسانوں کو برباد کر دیا ہے۔ ان کے لیے ووٹ نہ کریں ورنہ وہ ہر کسی سے چائے بنوائیں گے۔’ حالانکہ پولیس ابھی سوسائڈ نوٹ کی تصدیق کرنے میں لگی ہے۔سوسائڈ نوٹ میں شرما نے الزام لگایا ہے کہ بینک سے 5 لاکھ کا لون دلانے والا ایک ثالثی پیسے کے لیے ان کو بلیک میل کر رہا تھا۔

کسان نے لکھا ہے کہ اس نے لون کی درخواست دیتے وقت گارنٹر کے طور پر دستخط کرنے کے لیے نا معلوم  ثالثی کے نام ایک خالی چیک جاری کیا تھا۔اس کا الزام ہے کہ بینک کا قرض ادا کرنے کے بعد ثالثی اس کو دھمکی دینے لگا کہ وہ اس چیکسے وہ رقم اپنے اکاؤنٹ میں جمع کرا لے گاجو اس نے اپنی فصل بیچ کے جمع کی ہے۔

لکسر کے تھانہ انچارج وریندر سنگھ نے کہا ،’شروعاتی جانچ میں یہ پایا گیا کہ مرنے والے کسان نے ایک ثالثی کے ذریعے سے بینک سے 5 لاکھ روپے کا لون لیا تھا۔’انھوں نے بتایا،’اپنے سوسائڈ نوٹ میں کسان نے الزام لگایا ہے کہ معاملہ سلجھانے کے لیے ثالثی  اس سے 4 لاکھ روپے مانگ رہا تھا۔’سوسائڈ  نوٹ کے بارے میں پوچھے جانے پر سنگھ نے کہا کہ اس کا پتہ لگایا جا رہا ہے کہ وہ اسی نے لکھا ہے یا نہیں۔

اس بیچ کسانوں کے مدعے کو نظر انداز کرنے کے لیے کانگریس نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔کانگریس کا دعویٰ ہے کہ گزشتہ 2 سال میں ریاست میں 17 کسان خودکشی کر چکے ہیں۔کانگریس نائب صدر سوریہ کانت دھسمنا نے کہا،’یہ بہت المناک ہے کہ نریندر مودی اپنے انتخابی منشور میں کسانوں کو معاوضہ دینے کا اعلان کرتے ہیں اور لکسر میں ایک کسان ان کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے خود کشی کر لیتا ہے۔’

حالانکہ بی جے پی ترجمان دیویندر بھسین نے کانگریس کے ان الزامات کو خارج کر دیا ہے۔