خبریں

کانگریس کا دعویٰ-لیزر گن کے نشانے پر تھے راہل گاندھی، وزارت داخلہ نے کی تردید

کانگریس نے امیٹھی میں پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے دوران کانگریس صدر راہل گاندھی کی سکیورٹی میں چوک کا الزام لگایا تھا۔اس پروزارت داخلہ نےایس پی جی کے ڈائریکٹر کے حوالے سے بتایا کہ  جو گرین  لائٹ ویڈیو میں دکھائی دے رہی ہے وہ اے آئی سی سی کے کیمرا مین کے ذریعے استعمال کیے جا رہے فون کی ہے۔

راہل گاندھی/ فوٹو: پی ٹی آئی

راہل گاندھی/ فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: امیٹھی میں پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے دوران کانگریس صدر راہل گاندھی کی سکیورٹی میں چوک کے پارٹی کے الزام کو اسپیشل پروٹیکشن گروپ(ایس پی جی)نے خارج کر دیا ہے۔ ایس پی جی نے وزارت داخلہ کو بتایا کہ جس لیزر لائٹ کا کانگریس ذکر کر رہی ہے،وہ انہی کے کیمرا مین کے موبائل فون کی ہے۔

دراصل کانگریس نے راہل گاندھی کی سکیورٹی میں چوک کا الزام لگایا تھا۔ اس میں کہا گیا تھا کہ امیٹھی میں پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے دوران راہل پر حملے کی تیاری تھی۔ دوسری طرف وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ  ان کو کانگریس کی طرف سے ابھی تک کوئی تحریری شکایت نہیں ملی ہے۔ویڈیو سامنے آنے کے بعد انھوں نے ایس پی جی سے صفائی مانگی تھی۔

وزارت داخلہ کے مطابق؛ایس پی جی کے ڈائریکٹر نے ان کو بتایا کہ جو لائٹ ویڈیو میں دکھائی دے رہی ہے وہ اے آئی سی سی کے کیمرا مین کے ذریعے استعمال کیے جا رہے فون کی ہے۔غور طلب ہے کہ اس سے پہلے ایک خط سامنے آیا تھا جو کانگریس کی طرف سے سینئر رہنما احمد پٹیل ،جئے رام رمیش اور رندیپ سرجے والا نے بھیجا تھا۔ خط میں کانگریس نے راہل کی جان کو خطرہ بتایا تھا۔ سکیورٹی میں چوک کے لیے کانگریس نے اتر پردیش ی یوگی حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

واضح ہو کہ راہل گاندھی 10 اپریل یعنی بدھ کو امیٹھی گئے تھے۔پرچہ نامزدگی بھرنے کے بعد راہل نے  یڈیا سے بات کی تھی۔ اسی دوران کا ایک ویڈیو کانگریس کے ذریعے دکھایا گیا ہے اور وزارت کو بھی بھیجا گیا ہے۔ کانگریس کے دعویٰ کے مطابق؛ویڈیو میں دکھ رہا  ہے کہ کم سے کم 7 بار راہل گاندھی پر ہرے رنگ کی لیزر لائٹ دکھائی دی۔ان میں سے کچھ بات وہ ان کی کنپٹی کے آس پاس دیکھی گئی تھی۔

مرکزی حکومت کو لکھے ایک خط میں کانگریس نے تمام سیاسی اختلافات کو کنارے رکھ کر ان کی سکیورٹی کو اہم بتایا ہے۔ خط میں راہل کے والد اور دادی پر ہوئے حملوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ اس طرح سازش کر کے ملک کے دو سابق وزیراعظم اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کو مارا گیا،اس نے پورے ملک کو ہلا دیا تھا۔ خط میں آگے معاملے کی جانچ کر کے مناسب کارروائی کی مانگ کی گئی ہے۔