خبریں

گروگرام: آٹو موبائل کمپنی میں سیپٹک ٹینک کی صفائی کے دوران 2 لوگوں کی موت

تیسرے شخص کی حالت بہت نازک ہے اور ان کا علاج چل رہا ہے۔ ابھی اس معاملے میں کیس درج کیا جا نا باقی ہے۔

(علامتی فوٹو : پی ٹی آئی)

(علامتی فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: گروگرام کے نرسنگھ پور میں اتوار کو ایک آٹو موبائل کمپنی میں سیپٹنک ٹینک صاف کرنے کے دوران دو صفائی اہلکاروں کی موت ہو گئی۔ مرنے والے 33 سالہ اسلم مغربی بنگال کے رہنے والے تھے اور 35 سالہ شیو کمار بہار سے تھے۔ دونوں لوگ کانٹریکٹ پر کام کر رہے تھے۔ٹائمس آف انڈیا کی خبر کے مطابق؛ تیسرے شخص کی حالت نازک ہے اور فی الحال  ان کا علاج چل رہا ہے۔ ابھی اس معاملے میں کیس درج کیا جا نا باقی ہے۔

یہ واقعہ سنبیم آٹو پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی میں ساڈھے چار بجے شام میں ہوا جب اسلم کام کرتے ہوئے غش کھا کر گر گئے۔ملازمین یونین نے لوگوں کے نام نہ بتانے کی شرط پر انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ کمار اسلم کی مدد کرنے گئے تھے۔ایک مزدور نے بتایا،’لیکن ایسا لگتا ہے کہ کمار نے بھی گیس سونگھ لی اور وہ بیہوش ہو گئے۔’

اسی بیچ ٹینک کے پاس کھڑے تیسرے مزدور شیلیش کو بھی چکر آنے شروع ہو گئے تھے لیکن بیہوش ہونے سے پہلے ان کو کھینچ لیا گیا۔گڑگاؤں پولیس کے پی آر او سبھاش بوکین نے کہا کہ تینوں شخص کے گھر والوں کو اطلاع دے دی گئی ہے اور وہ فی الحال یہاں آ رہے ہیں۔ انھوں نے کہا،’ان کے آنے کے بعد شکایت کرنے پر معاملہ درج کیا جائے گا۔’

متاثرین  کو ایک کانٹریکٹر کے ذریعے نوکری پر رکھا گیا تھا۔ حالانکہ ابھی اس کا پتہ نہیں چل پایا ہے۔غور طلب ہے کہ گزشتہ کئی سالوں سے تحفظاتی آلات کی کمی کی وجہ سے ہزاروں صفائی اہلکاروں کی موت ہو چکی ہے۔ لیکن ابھی بھی سرکاری اور پرائیویٹ ڈپارٹمنٹ میں ان آلات کی بھاری کمی ہے۔

صفائی اہلکار اور غلاظت ڈھونے والوں کے لیے کام کرنے والی دہلی واقع این جی او صفائی کرمچاری  آندولن کے اعداد و شمار کے مطابق؛سال  2000 سے اب تک سیور میں صفائی کے دوران 1760 صفائی اہلکاروں کی موت ہو چکی ہے۔