خبریں

ہر پولنگ بوتھ پر مودی نے لگوایا ہے کیمرہ، بی جے پی کو ہی ووٹ دینا: بی جے پی ایم ایل اے

گجرات سے بی جے پی کے ایم ایل اے رمیش کٹارا نے ایک انتخابی جلسے میں کہا کہ جو لوگ  بی جے پی کو ووٹ نہیں دیں گے ، ان کو کام نہیں دیا جائے گا۔

فوٹو: بہ شکریہ ،فیس بک

فوٹو: بہ شکریہ ،فیس بک

نئی دہلی : گجرات کے ایک بی جے پی ایم ایل اے نے سوموار کو لوگوں سے کہا کہ اگر وہ بی جے پی کو ووٹ نہیں دیتے ہیں تو ان کو کام نہیں دیا جائے گا۔ کچھ دن پہلے مرکزی وزیر اور بی جے پی رہنما مینکا گاندھی نے ایسا ہی بیان دیا تھا اور کہا تھا کہ اگر مسلم ان کو ووٹ نہیں دیں گے تو وہ مسلمانوں کا کام نہیں کریں گی ۔فتح پورہ کے ایم ایل اے رمیش کٹارا نے کہا کہ بی جےپی کے لیے ووٹنگ میں کوئی غلطی نہیں ہونی چاہیے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ‘مودی صاحب’ نے پولنگ بوتھ  پر نگرانی کے لیے کیمرے لگوا رکھے ہیں ۔ وہ داہود سے بی جے پی کے لوک سبھا امیدوار جسونت سنگھ بھبور کے لیے انتخابی تشہیر کر رہے تھے ۔خبررساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق، کٹارا نے کہا کہ ، بی جے پی کو کس نے ووٹ دیا ، کانگریس کو کس نے ووٹ دیا ، یہ سب دکھائی دیتا ہے ۔ آدھار کارڈ اور سبھی کارڈ میں آپ کا فوٹو ہے ، اگر آپ کے بوتھ سے کم ووٹ پڑتے ہیں  تو ان کو پتہ چل جائے گا کہ کس نے ووٹ نہیں ڈالا اور پھر آپ کو کام نہیں ملے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ کو داہود سے بی جے پی امیدوار جسونت سنگھ بھبھور کی فوٹو دکھائی دے گی اور کمل کا نشان دکھے گا۔ یہ دیکھتے ہی آپ کو فوراً بٹن دبانا ہے ۔ اس میں غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہونی  چاہیے کیوں کہ مودی صاحب نے ہر جگہ کیمرہ لگوا رکھا ہے۔قابل ذکر ہے کہ الیکشن کمیشن نے مینکا گاندھی کے اسی طرح کے ایک بیان پر 48 گھنٹے یعنی دو دن کے لیے انتخابی مہم پر روک لگادی ہے۔مینکا گاندھی نے کہا تھا کہ اگر میری جیت مسلمانوں کے بنا ہوگی تو مجھے بہت اچھا نہیں لگے گا۔ پھر دل کھٹا ہو جاتا ہے اور جب مسلمان کسی کام کے لیے آتے ہیں تو پھر میں سوچتی ہوں کہ نہیں رہنے ہی دو ، کیا فرق پڑتا ہے ،آخر نوکری ایک سودے بازی ہی ہوتی ہے۔