خبریں

بی جے پی نے مالیگاؤں بلاسٹ کی ملزم سادھوی پرگیہ کو بھوپال سے دگوجئے سنگھ کے خلاف اتارا

مہاراشٹر کے مالیگاؤں میں 2008 میں ہوئے بم بلاسٹ میں سادھوی پرگیہ ٹھاکر ایک ملزم ہیں۔ وہ فی الحال ضمانت پر باہر ہیں۔

سادھوی پرگیہ/ فوٹو: پی ٹی آئی

سادھوی پرگیہ/ فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی:2008 مالیگاؤں بم بلاسٹ معاملے میں ملزم رہی سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر بدھ کو آفیشیل طور پر بی جے پی میں شامل ہو گئیں۔ بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد سادھوی پرگیہ نے کہا،’میں آج رسمی طور پر بی جے پی میں شامل ہو گئی ہوں۔میں الیکشن لڑوں گی اور جیتوں گی۔’

بی جے پی نےسادھوی پرگیہ کو مدھیہ پردیش کی بھوپال لوک سبھا سیٹ سے الیکشن لڑنے کے لیے ٹکٹ دیا ہے۔ اس سیٹ پر مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ دگوجئے سنگھ کانگریس کے امیدوار ہیں۔بھوپال سے الیکشن لڑنے کی بات پر سادھوی پرگیہ نے کہا،’ہم تیار ہیں،اب اسی کام میں لگ گئے ہیں۔’

سادھوی پرگیہ بدھ کو بھوپال واقع بی جے پی کے دفتر پہنچی اور ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان سمیت کئی رہنماؤں سے ملاقات کی۔ بھوپال سے بی جے پی کے موجودہ ایم پی آلوک سنجر نے کہا کہ ان کو پارٹی کی پوری حمایت ہے اور پارٹی یہ یقینی بنائے گی کہ وہ الیکشن جیتیں۔

غور طلب ہے کہ سادھوی پرگیہ ٹھاکر پر مالیگاؤں بم بلاسٹ کا الزام ہے۔ ان کے علاوہ لفٹننٹ کرنل پرساد پروہت اور 6 دوسرے ملزم ہیں۔ ناسک ضلع کے مالیگاؤں میں بھیکو چوک کے نزدیک 29 ستمبر 2008 کو ہوئے بم بلاسٹ میں 6 لوگوں کی موت ہوئی تھی اور 101 سے زیادہ زخمی ہو گئے تھے۔ وہ فی الحال اس معاملے میں ضمانت پر باہر ہیں۔

سادھوی پرگیہ ہمیشہ سے تنازعے میں گھری رہی ہیں۔ وہ بی جے پی کے اے بی وی پی اور وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی)کی وومین اکائی درگا واہنی سے جڑی رہی ہیں۔ حالانکہ مالیگاؤں معاملے میں عدالت نے ان کے خلاف مکوکا ہٹا دیا تھا۔ ان پر یو اے پی اے کے تحت معاملے کی شنوائی چل رہی ہے۔