خبریں

این ڈی اے کے لیے ووٹ نہ کرے تو اپنے شوہر کو بھوکا رکھیں: نتیش کمار

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار جھنجھر پور لوک سبھا سیٹ پر اپنی پارٹی کے امیدوار کے لیے ووٹ مانگ رہے تھے جہاں پر 23 اپریل کو الیکشن ہے۔

فوٹو: رائٹرس

فوٹو: رائٹرس

نئی دہلی:بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے منگل کو ایک انتخابی ریلی کو خطاب کرتے ہوئے خواتین سے اپیل کی کہ اگر ان کے شوہر این ڈی اے کے لیے ووٹ نہیں کرتے ہیں تو وہ ان کو بھوکا رکھیں۔ ٹائمس آف انڈیا کے مطابق؛ نتیش کمار جھنجھر پور لوک سبھا سیٹ پر اپنی پارٹی کے امیدوار کے لیے ووٹ مانگ رہے تھے جہاں پر 23 اپریل کو الیکشن ہے۔

جھنجھر پور لوک سبھا حلقے کے اندھر تہری میں انتخابی جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے نتیش کمار نے کہا ،اپنے شوہر سے ووٹ دینے کے لیے کہیں۔ اگر وہ این ڈی اے کو ووٹ دیتے ہیں تو ان کو بھر پیٹ کھانا کھلائیں لیکن اگر وہ این ڈی اے کے لیے ووٹ نہیں کرتے ہیں تو ان کو پورا دن بھوکا رکھیں۔ غور طلب ہے کہ جھنجھرپور میں جے ڈی یو سے رام پریت منڈل، آر جے ڈی سے گلاب یادو کے علاوہ آزاد امیدوار کے طور پر سابق مرکزی وزیر دیویندر پرساد یادو کھڑے ہیں۔

2014 میں اس سیٹ سے بی جے پی رہنما بیریندر چودھری نے جیت حاصل کی تھی لیکن اس بار این ڈی اے اتحاد میں سیٹوں  کو لے کر ہوئے بٹوارے کے بعد یہ سیٹ جے ڈی یو کے پاس آ گئی ہے۔اس دوران نتیش نے دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے گھریلو کے ساتھ ساتھ دہشت گردی سمیت باہری مدعوں کو بھی بیحد عمدہ طریقے سے حل کیا ہے۔

وہیں آر جے ڈی کی قیادت والے مہا گٹھ بندھن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انھوںنے لالو یادو اور رابڑی دیوی کے دور حکومت کے کالے دنوں کی یاد دلائی اور اپنی حکومت میں ہوئے وکاس کے کاموں کو گنایا۔