خبریں

سادھوی پرگیہ کو الیکشن لڑنے سے روکنے کے لیے عدالت میں عرضی دائر

کورٹ نے سادھوی پرگیہ کو اس عرضی پر جواب دینے کو کہا ہے۔عرضی گزار نے اپنی عرضی میں کہا ہے کہ پرگیہ نے اس بنیاد پر ضمانت لی تھی کہ وہ کسی کے سہارے کے بغیر چل بھی نہیں سکتیں،حالانکہ اب وہ اتنی سخت گرمی میں الیکشن لڑ رہی ہیں۔

سادھوی پرگیہ/ فوٹو: پی ٹی آئی

سادھوی پرگیہ/ فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی:بھوپال لوک سبھا سیٹ سے سادھوی پرگیہ کو بی جے پی کے ذریعے ٹکٹ دیے جانے کے ایک دن بعد مالیگاؤں بم بلاسٹ میں مارے گئے 6 لوگوں میں سے ایک کے والد نے کہا ہے کہ اس معاملے میں ملزم سادھوی پرگیہ کو الیکشن لڑنے سے روکا جائے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق؛بلاسٹ میں مارے گئے  سید اظہرکے والد نثار احمد بلال نے ممبئی واقع اسپیشل این آئی اے کورٹ میں عرضی داخل کر کے یہ مانگ کی ہے۔

اس پر شنوائی کرنے کے بعد اسپیشل جج وی ایس پاڈلکر نے سادھوی پرگیہ کو عرضی پر جواب دینے کو کہا ہے۔غور طلب ہے کہ مالیگاؤں بم بلاسٹ کی ملزم سادھوی کو بی جے پی نے بھوپال سے لوک سبھا الیکشن کا ٹکٹ دیا ہے۔ اس کے خلاف جمعرات کو سید اظہر کے والد  نے اسپیشل این آئی اے کورٹ میں عرضی  دائر کی ہے۔

انڈین ایکسپریس کی ایک خبر کے مطابق؛نثار احمد نے گزشتہ سال سادھوی پرگیہ کو ضمانت دیے جانے کے فیصلے کی بھی مخالفت کی تھی۔ انھوں نے کہا کہ اگر این آئی اے کے پاس پرگیہ کے خلاف کہنے کے لیے کچھ نہیں ہے تو یہ ان کا فرض ہے کہ وہ عدالت کو بتائیں کہ اس کے اس قدم (ضمانت)سے اس بم بلاسٹ کے متاثرین کو بہت زیادہ تکلیف ہوئی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق؛سادھوی کے الیکشن لڑنے کے خلاف دائر  نثار احمد کی عرضی میں کہا گیا ہے کہ’عرضی گزار نے احترام کے ساتھ گزارش کی ہے کہ معاملے کی پہلی ملزم (سادھوی پرگیہ )کو عدالتی کارروائی میں حاضر رہنے کو کہا جا سکتا ہے اور الیکشن لڑنے سے روکا جا سکتا ہے کیونکہ معاملہ ابھی چل رہا ہے اور ضمانت رد کرنے کی عرضی پر شنوائی سپریم کورٹ میں زیر غور ہے۔’

نثار احمد نے اپنے وکیل شاہد ندیم کے ذریعے دائر اپنی عرضی میں کہا ہے کہ پرگیہ نے اس بنیاد پر ضمانت لی تھی کہ وہ کسی کے سہارے کے بغیر چل بھی نہیں سکتیں،(لیکن )اب وہ صاف طور پر اتنی صحت مند نظر آ رہی ہیں کہ اتنی سخت گرمی کے موسم میں الیکشن لڑ سکتی ہیں۔’ نثار نے عرضی میں یہ بھی کہا ہے کہ ‘انھوں نے (پرگیہ )کورٹ کو گمراہ کیا ہے۔’

غور طلب ہے کہ سادھوی پرگیہ ٹھاکر پر مالیگاؤں بم بلاسٹ کا الزام ہے۔ ان کے علاوہ لفٹننٹ کرنل پرساد پروہت اور 6 دوسرے ملزم ہیں۔ ناسک ضلع کے مالیگاؤں میں بھیکو چوک کے نزدیک 29 ستمبر 2008 کو ہوئے بم بلاسٹ میں 6 لوگوں کی موت ہوئی تھی اور 101 سے زیادہ زخمی ہو گئے تھے۔ وہ فی الحال اس معاملے میں ضمانت پر باہر ہیں۔

دریں اثناتحسین پونا والا نے الیکشن کمیشن کو ایک عرضی دی ہےاور کہا ہے کہ بھوپال سے بی جے پی امیدوار پرگیہ سنگھ ٹھاکر کی امیدواریرد کی جانی چاہیے کیونکہ وہ دہشت گردانہ معاملے میں ملزم ہیں۔

سادھوی پرگیہ ہمیشہ سے تنازعے میں گھری رہی ہیں۔ وہ بی جے پی کے اے بی وی پی اور وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی)کی وومین اکائی درگا واہنی سے جڑی رہی ہیں۔ حالانکہ مالیگاؤں معاملے میں عدالت نے ان کے خلاف مکوکا ہٹا دیا تھا۔ ان پر یو اے پی اے کے تحت معاملے کی شنوائی چل رہی ہے۔

بی جے پی نےسادھوی پرگیہ کو مدھیہ پردیش کی بھوپال لوک سبھا سیٹ سے الیکشن لڑنے کے لیے ٹکٹ دیا ہے۔ اس سیٹ پر مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ دگوجئے سنگھ کانگریس کے امیدوار ہیں۔بھوپال سے الیکشن لڑنے کی بات پر سادھوی پرگیہ نے کہا تھا،’ہم تیار ہیں،اب اسی کام میں لگ گئے ہیں۔’