خبریں

ووٹنگ  کے بعد نریندر مودی کے روڈ شو پر الیکشن کمیشن نے مانگی رپورٹ

الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ احمد آباد میں وزیر اعظم نریندر مودی کے منی روڈ شو کی جانچ کی جا رہی ہے۔ اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد وزیر اعظم مودی نے ایک کھلی جیپ کی سواری کی، سڑک پر چلے اور یہاں تک کہ ایک چھوٹی سی  تقریر بھی کی۔

گجرات کے احمد آباد میں اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد روڈشو کرتے وزیر اعظم نریندر مودی۔(فوٹو بہ شکریہ : اے اے آئی)

گجرات کے احمد آباد میں اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد روڈشو کرتے وزیر اعظم نریندر مودی۔(فوٹو بہ شکریہ : اے اے آئی)

نئی دہلی: گجرات کے احمد آباد  میں ووٹنگ  کے بعد روڈ شو کو لےکر حزب مخالف رہنماؤں کی مخالفت  کے بعد الیکشن کمیشن نے کہا کہ اس نے گجرات کے چیف الیکشن افسر سے گجرات کے احمد آباد میں وزیر اعظم نریندر مودی کے منی روڈ شو کی رپورٹ مانگی ہے۔این ڈی ٹی وی کے مطابق، گجرات کے احمد آباد میں وزیر اعظم نریندر مودی منگل کو ووٹ ڈالنے  گئے تھے۔ الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ احمد آباد میں ان کے منی روڈ شو کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد وزیر اعظم نے ایک کھلی جیپ کی سواری کی، سڑک پر چلے اور یہاں تک کہ ایک چھوٹی سی  تقریر بھی کی۔

حزب مخالف رہنماؤں کے اس معاملے میں مخالفت درج کرانے کے بعد الیکشن کمیشن نے منگل  کی شام کو کہا کہ اس نے گجرات کے چیف الیکشن افسر سے اس معاملے پر رپورٹ مانگی ہے۔اس دوران مودی نے کہا تھا، ‘ دہشت گردی کا ہتھیار آئی ای ڈی ہے۔ جمہوریت کی طاقت ووٹر  آئی ڈی ہے۔ میں یقینی طور پر کہہ سکتا ہوں کہ ووٹر آئی ڈی، آئی ای ڈی کے مقابلے میں بہت زیادہ طاقتور ہے، اس لئے ہمیں اپنی ووٹر آئی ڈی کی طاقت کو سمجھنا چاہیے۔ ‘پی ایم مودی نے یہ بات ‘ آئی ای ڈی بنام ووٹر آئی ڈی ‘ تھیم پر کہی، جو کہ ان کی حکومت کے نیشنل سکیورٹی  کی تشہیر کو دکھاتی ہے۔

ادھر، وائناڈ میں بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے نے وائناڈ لوک سبھا سیٹ سے کانگریسی امیدوار راہل گاندھی کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔ کہا گیا ہے کہ راہل ٹوئٹر کے ذریعے ووٹ کے لئے کھلےعام تشہیر کر رہے تھے جبکہ انتخابی حلقہ میں ووٹنگ جاری تھی۔وائناڈ سیٹ کے الیکشن افسر کے پاس درج شکایت میں این ڈی اے امیدوار اور بھارت دھرم جن سینا (بی ڈی جی ایس) رہنما تشار  ویلاپلی کے چیف الیکشن ایجنٹ سنل کمار جی نے راہل گاندھی کی طرف سے ان کی نیائے اسکیم پر کئے گئے ایک ٹوئٹ کے پرنٹ آؤٹ کو منسلک کیا گیا ہے۔

کمار نے الزام لگایا کہ راہل نے انتخابی حلقہ میں 21 اپریل کو شام پانچ بجے کھلےعام تشہیر کرنے کی معینہ مدت ختم ہونے کے بعد بھی ووٹ مانگنے کے لئے تشہیر کی۔سنل کمار نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ، ‘ راہل گاندھی جو وائناڈ سے امیدوار ہیں ان کو ووٹنگ  جاری رہنے کے دوران بھی اپنے حق  میں ووٹ کو موڑنے کے لئے کھلےعام تشہیر کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ ‘

این ڈی اے نے دلیل دی ہے کہ ان کے اس قدم نے وائناڈ سیٹ پر غیر جانبدارانہ انتخاب کو  سنگین نقصان پہنچایا ہے اور اس امیدوار (راہل گاندھی) کے خلاف مناسب اور سخت کارروائی کی جائے جس نے انتخابی ضابطہ اخلاق، اصولوں، قوانین اور ضابطوں کی کھلےعام خلاف ورزی کی۔راہل گاندھی نے منگل کی صبح کئے گئے اپنے ٹوئٹ میں کہا، ‘ پورے ہندوستان میں لاکھوں نوجوان ووٹنگ  کرنے کے لئے باہر نکل رہے ہیں، ان میں سے کئی پہلی بار ووٹنگ  کر رہے ہیں۔ ان کے ہاتھوں میں ہندوستان کا مستقبل ہے۔ مجھے بھروسہ ہے کہ وہ ہرایک ہندوستانی کے لیے انصاف چاہتے ہیں اور وہ عقل مندی سے ووٹنگ کریں گے۔’