خبریں

ٹکٹ نہ ملنے پر مرکزی وزیر وجئے سامپلا نے کہا-بہت دکھ ہوا بی جے پی نے گئو کشی کر دی

مرکزی وزیر مملکت  وجئے سامپلا نے کہا کہ علاقے میں ایئر پورٹ بنوایا، ریل گاڑیاں چلائیں، سڑکیں بنوائیں۔اگر یہی جرم ہے تو میں اپنی آنے والی نسلوں کو سمجھا دوں گا کہ وہ ایسی غلطیاں نہ کریں۔

فوٹو: فیس بک

فوٹو: فیس بک

نئی دہلی: ہوشیار پور لوک سبھا سیٹ سے پھر سے ٹکٹ نہ ملنے سے ناراض مرکزی وزیر مملکت وجئے سامپلا نے سوموار کو کہا کہ بی جے پی نے’گئو کشی’ کی ہے۔بی جے پی نے ہوشیار پور لوک سبھا سیٹ سے پھگواڑہ کے ایم ایل اے سوم پرکاش کو پارٹی امیدوار چنا ہے۔مرکزی وزیر نے ایک کے بعد ایک کئی ٹوئٹ کر کے اپنے غصے کا اظہار کیا۔

انھوں نے کہا،’بہت دکھ ہوا  بی جے پی نے گئو کشی کر دی۔’ ایک دوسرے ٹوئٹ میں دلت رہنما نے اپنی صاف ستھری امیج پیش کرنے کی کوشش کی اور پارٹی سے پوچھا کہ ان کی کیا غلطی تھی اور ان کو ٹکٹ کیوں نہیں دیا گیا۔

انھوں نے ٹوئٹ کیا،’کوئی جرم تو بتا دیتے؟ میری غلطی کیا ہے…مجھ پر بد عنوانی کا کوئی الزام نہیں ہے…رویے پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔’ انھوں نے ایم پی کے طور پر اپنے وقت میں کیے گئے وکاس کے کاموں کا بھی ذکر کیا۔

سامپلا نے ٹوئٹ کیا ،’علاقے میں ایئر پورٹ بنوایا، ریل گاڑیاں چلائیں، سڑکیں بنوائیں۔اگر یہی جرم ہے تو میں اپنی آنے والی نسلوں کو سمجھا دوں گا کہ وہ ایسی غلطیاں نہ کریں۔’بی جے پی نے پنجاب سے پارٹی کے 3 امیدواروں کا منگل کو اعلان کیا اور اداکار سنی دیول کو گرداس پور سے اور موجودہ ایم پی کرن کھیر کو چنڈی گڑھ سے پھر سے ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا۔

حالانکہ پارٹی نے ہوشیار پور سے مرکزی وزیر وجئے سامپلا کی جگہ پر سوم پرکاش کو اپنا امیدوار چنا۔ ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر سوم پرکاش 2009 کے الیکشن میں کانگریس کے سنتوش چودھری سے ہار گئے تھے۔اس کے بعد 2014 میں بی جے پی نے وہاں سے سامپلا کو اتارا تھا۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق؛ذرائع بتاتے ہیں کہ ہوشیار پور میں سامپلا کو بدلنے کی تیاری2017 میں ہی تب شروع ہو گئی تھی جب وہ بی جے پی ریاستی صدر تھے۔ اس وقت کانگریس پنجاب میں بی جے پی اکالی اتحاد کو ہراتے ہوئے اسمبلی الیکشن میں جیت حاصل کی تھی۔اس کے بعد ان کو پارٹی صدر کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔

پنجاب کے بی جے پی صدر شویت ملک نے کہا،’یہ اکیلے کا فیصلہ نہیں تھا بلکہ بی جے پی کی پارلیامانی کمیٹی کی میٹنگ میں اس کا فیصلہ لیا گیا تھا۔ اس وقت میٹنگ میں امت شاہ اور ارون جیٹلی سمیت دوسرے ٹاپ  رہنما موجود تھے۔انھوں نے کہا کہ ان کو سامپلا کے’گئو کشی’والے ٹوئٹ کے بارے میں کوئی جانکاری نہیں ہے۔