خبریں

کانگریس نے بنارس سے نریندر مودی کے خلاف اجئے رائے کو دیا ٹکٹ

کانگریس نے اتر پردیش کی گورکھپور لوک سبھا سیٹ سے مدھوسودن تیواری کو انتخابی میدان میں اتارا۔ بی جے پی نے گورکھپور سے اداکار روی کشن کو ٹکٹ دیا ہے۔

کانگریسی رہنما اجئے رائے (فوٹو بشکریہ : فیس بک)

کانگریسی رہنما اجئے رائے (فوٹو بشکریہ : فیس بک)

نئی دہلی: کانگریس نے جمعرات کو اتر پردیش کی وارانسی لوک سبھا سیٹ سے پرینکا گاندھی کے انتخاب لڑنے کی قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے اجئے رائے کو وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف میدان میں اتار دیا ہے۔وارانسی کے علاوہ پارٹی نے گورکھپور لوک سبھا سیٹ سے مدھوسودن تیواری کو ٹکٹ دیا ہے۔ اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی اس روایتی سیٹ پر بی جے پی نے اس بار اداکار روی کشن کو میدان میں اتارا ہے۔

سال 2014 کے لوک سبھا انتخاب میں وارانسی سیٹ پر اجئے رائے تیسرے مقام پر رہے تھے۔ نریندر مودی نے اس سیٹ سے جیت حاصل کی تھی اور عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال دوسرے مقام پر رہے ہیں۔سال 2014 میں مودی نے تین لاکھ ووٹوں  کے فرق سے اروند کیجریوال کو ہرایا تھا۔ مودی کو جہاں پانچ لاکھ 81 ہزار ووٹ ملے تھے، وہیں کانگریس کے اجئے رائے صرف 75 ہزار ووٹ ہی پا سکے تھے۔

گزشتہ  سوموار کو ایس پی-بی ایس پی اتحاد نے شالنی یادو کو وارانسی سے اپنا امیدوار اعلان کیا ہے۔ شالنی سوموار کو ہی ایس پی میں شامل ہوئی تھیں۔ان دو سیٹوں پر امیدواروں کے اعلان کے ساتھ کانگریس نے اب تک 424 سیٹوں کے امیدوار اعلان کر دیے ہیں۔وارانسی میں آخری مرحلے میں 19 مئی کو لوک سبھا انتخاب ہونے والے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی 26 اپریل کو وارانسی سے اپنا پرچہ نامزدگی  داخل کر سکتے ہیں۔ اس دوران بہار کےوزیر اعلیٰ نتیش کمار اور شیو سینا چیف ادھو ٹھاکرے کے موجود رہنے کے امکانات ہیں۔