خبریں

یہ شہیدوں کا بدلا لینے کا الیکشن ہے: امت شاہ

راجستھان کے جالور میں بی جے پی صدر امت شاہ نے کہا کہ یہ ملک کے تحفظ کو یقینی بنانے کا الیکشن ہے۔یہ ملک کےشہیدوں کا بدلا لینے کا الیکشن ہے۔یہ دہشت گردوں کو ایک سبق سکھانے کا الیکشن ہے۔

فوٹو: بہ شکریہ فیس بک

فوٹو: بہ شکریہ فیس بک

نئی دہلی: بی جے پی صدر امت شاہ نے جمعہ کو کہا کہ 2019 کے عام انتخابات ملک کے شہید فوجیوں اور سی آر پی ایف جوانوں کا بدلا لینے کا انتخاب ہے۔انڈین ایکسپریس کے مطابق؛راجستھان کے جالور میں ایک ریلی کو خطاب کرتے ہوئے شاہ نے کہا،’یہ ملک کے تحفظ کو یقینی بنانے کا الیکشن ہے۔یہ ملک کی عزت بڑھانے کا الیکشن ہے۔یہ ملک کے شہیدوں کا بدلا لینے کا الیکشن ہے۔ یہ دہشت گردوں کو ایک سبق سکھانے کا الیکشن ہے۔’

انھوں نے کہا ،’یہ پاکستان کو منھ توڑ جواب دینے کا الیکشن ہے۔آپ بتائیےمجھے کیا مودی جی کے علاوہ کوئی دہشت گردوں کو منھ توڑ جواب دے سکتا ہے۔کیا کوئی  (مودی کے علاوہ)پاکستان کو سبق سیکھا سکتا ہے؟’اس سے پہلے شاہ نے اپنا خطاب پلواما حملے میں مارے گئے ریاست کے 5 سی آر پی ایف جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے  ہوئے شروع کیا۔

انھوں نے کہا کہ مارواڑ علاقے کو ہمت اور بہادری کے لیے جانا جاتا ہے اور راجستھان کے پوکرن میں ہی پرمانو کا بلاسٹ کیا گیا تھا۔ امت شاہ وہاں پر وارانسی سے پہنچے تھے جہاں  وزیر اعظم مودی نے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا۔ اس دوران شاہ نے کہا کہ موجودہ لوک سبھا الیکشن کے دوران جالور کا یہ ان کا 259 واں دورہ ہے۔

انھوں نے مزید کہا،’وہ جہاں بھی گئے وہاں ان کو صرف مودی ،مودی، مودی،مودی ،مودی سنائی دیا۔’کانگریس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شاہ نے کانگریس صدر راہل گاندھی کی نقل بھی اتاری۔شاہ نے کہا،راہل 5 سال کی بی جے پی سے جوابدہی چاہتے ہیں لیکن پہلے ان کو 5 نسلوں اور 55 سالوں کا حساب دینا چاہیے۔

شاہ نے کہا ،’راہل باباکہتےہیں کہ وہ غریبوں کے لیے نیایہ یقینی بنائیں گے۔بھیا راہل آپ 5 نسلوں اور 55 سالوں تک اقتدار میں رہے ہیں۔ جواہر لال جی، اندرا جی،راجیو جی،سنجے جی،سونیا جی اور اب راہل بابا آ گئے ہیں۔ 5 نسلوں تک غریبوں کے لیے نعرے دینے کے علاوہ کیا آپ نے کچھ اور کیا ہے؟’