خبریں

مالیگاؤں دھماکے میں اے ٹی ایس کے پاس پرگیہ کے خلاف ثبوت تھے، ٹکٹ دیا جانا غلط: رام داس اٹھاولے

مرکزی وزیر رام داس اٹھاولے نے کہا کہ لوگوں کو بچانے کے لیے دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے کرکرے شہید ہوگئے تھے ۔ میں کر ے کرے کو لے کر سادھوی کے بیان سے متفق نہیں ہوں ۔ ہم اس کی تنقید کرتے ہیں ۔یہ فیصلہ کرنا عدالت کا کام ہے کہ کیا صحیح ہے اور کیا غلط ۔ اگر ہماری پارٹی کی بات ہوتی تو ہم ان کو امیدوار نہیں بناتے۔

رام داس اٹھاولے ،فوٹو بہ شکریہ : ٹوئٹر

رام داس اٹھاولے ،فوٹو بہ شکریہ : ٹوئٹر

نئی دہلی : مرکزی وزیر رام داس اٹھاولے نے مالیگاؤں  بم بلاسٹ کی ملزم پرگیہ سنگھ ٹھاکر کو مدھیہ پردیش کی بھوپال لوک سبھا سیٹ سے انتخابی میدان میں اتارنے کے بی جے پی کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ واضح ہوکہ اٹھاولے بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے کی اتحادی پارٹی ری پبلکن  پارٹی آف انڈیا(آر پی آئی )کے صدر ہیں۔انڈین ایکسپریس کی ایک خبر کے مطابق، پرگیہ سنگھ ٹھاکر کی امیدواری کے بارے میں پوچھے جانے پر مرکزی وزیر نے کہا کہ ، ان کا نام مالیگاؤں میں آیا تھا اور مہاراشٹر اے ٹی ایس کے سابق چیف ہیمنت کرکرے کے پاس ان کے خلاف کافی ثبوت تھے ۔

اس دوران اٹھاولے نے پرگیہ کے اس بیان کی بھی مذمت کی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ کرکرے کی موت ان کے شراپ کی وجہ سے ہوئی  تھی۔اٹھاولے نے کہا ، آر پی آئی نے مدھیہ پردیش میں جبل پور ، ستنا ، رتلام ، مورینا اور سیدھی سے امیدوار کھڑے کیے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان کے علاوہ باقی بچی 24 سیٹوں پر بی جے پی امیدواروں کی حمایت کریں گے ۔اٹھاولے نے کہا ، کہ لوگوں کو بچانے کے لیے دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے کرکرے شہید ہوگئے تھے ۔ میں کر ے کرے کو لے کر سادھوی کے بیان سے متفق نہیں ہوں ۔ ہم اس کی تنقید کرتے ہیں ۔یہ فیصلہ کرنا عدالت کا کام ہے کہ کیا صحیح ہے اور کیا غلط ۔ اگر ہماری پارٹی کی بات ہوتی  تو ہم ان کو امیدوار نہیں بناتے۔

وہیں اس سے پہلے اتوار کو مدھیہ پردیش کے پنا میں ایک انتخابی ریلی کے دوران جب مرکزی وزیر اور سینئر بی جے پی رہنما اوما بھارتی سے پرگیہ ٹھاکر کی امیدواری کے بارے میں پوچھا گیا تھا تو انہوں نے کہا تھا کہ ان کو ٹکٹ دینے میں کچھ بھی غلط نہیں اور کانگریس صدر راہل بھی ایک معاملے میں ضمانت پر باہر ہیں ۔انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ کسی بھی طرح سے مہامنڈیلشور ٹھاکر کا بدل نہیں ہوسکتی تھیں۔