خبریں

بہار: ارریہ میں مویشی چوری کے شک میں ایک شخص کا پیٹ پیٹ کر قتل

یہ معاملہ رابرٹس گنج تھانہ حلقہ کے ڈاک ہری پور گاؤں کا ہے۔ معاملے میں کچھ نامعلوم لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

Araria

نئی دہلی : بہار کے ارریہ ضلع میں ایک 44 سالہ شخص کو مویشی چوری کے شک میں پیٹ پیٹ کر مار دیا گیا ہے ۔ پولیس نے جمعرات کو یہ جانکاری دی ۔انہوں نے کہا یہ معاملہ رابرٹس گنج تھانہ حلقہ کے ڈاک ہری پور گاؤں کا ہے۔ رابرٹس گنج کے ایس ایچ او شیو شرن شاہ نے بتایا کہ مہیش  یادو نام کے شخص کو ایک بھیڑ نے پکڑا اور دو ساتھیوں کی مدد سے مویشی چرانے کے شک میں اس کو پیٹ پیٹ کر مارڈالا ۔

انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں ایک معاملہ درج کیا گیا ہے اور معاملے کی جانچ چل رہی ہے ۔ نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ہندوستان ٹائمس کے مطابق، پولیس جائے واردات پر پہنچی اور یادو کو ہاسپٹل لے گئی ، جہاں ان کو مردہ قرار دیا گیا ۔ ایک پولیس افسر نے اخبار کو یہ بھی بتایا کہ یادو کے خلاف کئی مجرمانہ معاملے درج ہیں ۔

گزشتہ سال 29 دسمبر کو ارریہ سے پیٹ پیٹ کر مار دیے جانے کی ایک خبر آئی تھی ۔ اس معاملے میں بھی مویشی چوری کے شک کی بنیاد پر اس واقعہ کو انجام دیا گیا تھا۔اس معاملے کا ایک ویڈیو وائرل ہوا تھا ، جس میں نظر آرہا تھا کہ تقریباً 300 لوگوں نے محمد کابل پر حملہ کیا تھا۔