خبریں

کھیل کی دنیا: نیوزی لینڈ اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں ہندوستان کی ناکامی

ایشیائی باکسنگ چمپین شپ میں ہندوستان کے دو مکے بازوں نے گولڈ میڈل جیتنے میں کامیابی حاصل کی۔امت پنگھل نے 52کلو گرام کے زمرے میں جبکہ پوجا رانی نے 51کلو گرام کے زمرے میں گولڈ میڈل جیتا۔

امت پنگھل ، فوٹو: پی ٹی آئی

امت پنگھل ، فوٹو: پی ٹی آئی

نیوزی لینڈ اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں ہندوستان کے سبھی کھلاڑی ناکام ثابت ہوئے اور ہندوستان کا سفر پری کوارٹر فائنل میں جا کر ختم ہوگیا۔کچھ کھلاڑی تو پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہو گئے جبکہ کچھ نے اگلے راؤنڈ میں قدم تو رکھا مگر خطاب کی طرف نہیں پہنچ سکے۔سب سے برا تو دوسری سیڈ یافتہ سائنا نہوال کے ساتھ ہوا جو پہلے ہی دور میں ہار کر باہر ہو گئیں۔سائنا کو خواتین سنگلز کے پہلے دور میں چین کی جس کھلاڑی سے شکست کا سامنا کرنا پڑا دنیا میں اس کا نمبر212واں ہے۔وانگ بھئی سے سائنا کا پہلی بار مقابلہ ہوا تھا جس میں انہیں شکست ملی۔دیگر ہندوستانی خاتون کھلاڑیوں میں انورا پربھو دیسائی کو بھی پہلے دور میں ہی شکست ہو گئی۔افسوس کی بات یہ رہی کہ خواتین کے سنگلز میں ہندستانی چیلنج ایک ہی دن میں ختم ہو گیا۔مرد کھلاڑیوں میں صرف صرف ایچ ایس پرنئے کوارٹر فائنل تک پہنچے مگر انہیں بھی وہاں شکست ہو گئی اور اس طرح ان کا سفر یہیں ختم ہوگا۔جاپان کے کاتا سنیاما کے خلاف یہ دنیا کے 26نمبر کے کھلاڑی پرنئے کا دوسرا مقابلہ تھا ۔اس سے پہلے انہوں نے اس بار چھٹی سیڈسنیاما کو2017 میں یو ایس اوپن میں شکست دی تھی۔

ہندوستانی باکسنگ فیڈریشن نے اس سال جولائی اور اگست کے دوران باکسنگ لیگ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔اس لیگ میں ہندوستان اور دنیا کے دوسرے ممالک کے مکے باز شریک ہوں گے۔ہندوستانی باکسنگ فیڈریشن کو امید ہے کہ اس لیگ کے انعقاد سے جہاں ہندوستان کے مکے بازوں کو دنیا کے بڑے مکے بازوں سے مقابلہ کا موقع ملے گا وہیں اس لیگ سے اولمپک کے لئے ایک بہتر تیاری بھی ہو جائے گی۔ اس لیگ کے تعلق سے ویسے تو بہت تفصیل سامنے نہیں آئی ہے البتہ اتنا طے ہے کہ اس کے پہلے ایڈیشن میں چھ ٹیمیں شریک ہوں گی اور ہر ٹیم میں چودہ مکے باز ہوں گے جن میں دو بین الاقوامی مکے باز ہوں گے۔ لیگ تین ہفتے تک چلے گی اور اس میں کل 18میچ کھیلے جائیں گے۔فرنچائزی ٹیموں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

باکسنگ کے تعلق سے ایک اچھی خبر یہ ہے کہ ایشیائی باکسنگ چمپین شپ میں ہندوستان کے دو مکے بازوں نے گولڈ میڈل جیتنے میں کامیابی حاصل کی۔امت پنگھل نے 52کلو گرام کے زمرے میں جبکہ پوجا رانی نے 51کلو گرام کے زمرے میں گولڈ میڈل جیتا۔امت نے گزشتہ سال ایشین گیمز میں بھی گولڈ میڈل جیتنے میں کامیابی حاصل کی تھی۔ امت نے فروری میں بھی ایک ٹورنامنٹ کے دوران گولڈ جیتنے میں کامیابی حاصل کی تھی۔ ایشیائی باکسنگ چمپین شپ میں ہندوستان نے دو گولڈ میڈل سمیت کل 13میڈل جیتے جن میں چار سلور اور سات کانسے کے تمغے بھی شامل ہیں۔ان تیرہ تمغوں میں مرد باکسر نے ایک گولڈ، تین سلوراور تین برانز جبکہ خاتون باکسر نے ایک گولڈ، ایک سلور اور چار برانز میڈل شامل ہیں۔

بیجنگ میں منعقدہ آئی ایس ایس ایف عالمی نشانے بازی میں ہندوستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میڈل ٹیبل میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔یہ لگاتار دوسرا سال ہے جب ہندوستانی نشانے باز پہلے نمبر پر رہے ہیں۔ہندوستان نے ان مقابلوں میں تین گولڈ میڈل جبکہ ایک سلور میڈل جیتا۔میزبان چین دو گولڈ ،دو سلور اور ایک برانز میڈل کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ٹورنامنٹ کے دوران ہندوستان کی جانب سے ابھیشیک ورما،انجم مدگل،اپوروی چندیلا ،سوربھ چودھری اور دویانش پوار نے اولمپکس کوٹہ حاصل کیا۔

ایشیائی بیڈمنٹن چمپین شپ میں مرد اور خاتون دونوں کے سنگلز مقابلوں کا خطاب جاپانی کھلاڑیوں نے جیت لیا۔مردوں کا خطاب کیتو موموتا اور خواتین کا خطاب اکانے یاماگوچی نے جیتا۔دونوں ہی زمرے میں چینی کھلاڑیوں کو شکست ہوئی۔یاماگوچی کو جہاں محض 42منٹ میں جیت مل گئی وہیں موموتا کو جیت کےلئے ایک گھنٹہ دس منٹ تک محنت کرنی پڑی۔چین کے لئے اچھی خبر یہ رہی کہ مکسڈ ڈبلز اور خاتون ڈبلز کاخطاب اس کے کھلاڑیوں نے حاصل کئے۔ہندوستانی کھلاڑی بھی اس ٹورنامنٹ میں شریک ہوئے تھے مگر ان میں سے کوئی کچھ خاص نہیں کر سکا۔کے سری کانت، سائنا نہوال اور پی وی سندھو سب نے مایوس کیا۔

بجرنگ پنیا،فوٹو: پی ٹی آئی

بجرنگ پنیا،فوٹو: پی ٹی آئی

ہندوستانی پہلوان بجرنگ پونیا ان دنوں شاندار فارم میں چل رہے ہیں۔کچھ ہی دنوں پہلے ایشین چمپین شپ میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد اب انہوں نے روس میں منعقد الی الیئیف کشتی چمپین شپ میں بھی گولڈ میڈل حاصل کیا۔انہیں یہ گولڈ میڈل 65کلو گرام کے زمرے میں ملا۔اب انہیں امریکہ میں ایک مقابلے میں شریک ہونا ہے اور ان دنوں بجرنگ جس فارم میں چل رہے ہیں اس کی بنیاد پر ایسا مانا جا سکتا ہے کہ انہیں یہاں بھی جیت حاصل کرنے میں پریشانی نہیں ہونی چاہئے۔

راجیو گاندھی کھیل رتن ہندوستان میں کھیلوں کے شعبے میں دیا جانے والا سب سے بڑا ایوارڈ ہے۔اس کے بعد ارجن ایوارڈ کا نمبر آتا ہے۔ان دونوں ایوارڈ کے لئے کھلاڑیوں کے ناموں کی سفارش شروع ہو گئی ہے۔ جن کھلاڑیوں کے نام کی سفارش کی گئی ہے ان میں حنا سدھو، انکر متل،بجرنگ پونیا، ونیش پھوگٹ،نیرج چوپڑا اور پی آر شری جیش کو کھیل رتن جبکہ چنگلین سانا سنگھ کنگجم ، آکاش دیپ ، دیپکا،امت پنگھل،روندر جڈیجہ، جسپریت بمراہ، محمد شامی،پونم یادو،گرپریت سنگھ سندھو،جے جے لال پھیکلوا،انجم مدگل،شاہزر رضوی،اوم پرکاش متھروال،راہل اوارے، ہر پریت سنگھ،دویا کاکرن،پوجا ڈھانڈا،ہر مریت دیسائی،سنیل شیٹی،مدھوریکا پاٹکر،تیجندر پال سنگھ تور،ارپندر سنگھ،منجیت سنگھ،سوپنا برمن اوردوتی چندکو ارجن ایوارڈ دینے کی سفارش کی گئی ہے۔