خبریں

جنگ میں اپنی ٹانگ کھو دینے والے پانچ سالہ افغانی بچے احمد سید کی کہانی

 جنگ میں اپنی ٹانگ کھو دینے والے پانچ سالہ افغان بچے احمد سید کی اپنی مصنوعی ٹانگ کے ساتھ ڈانس کرتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔ ویڈیو کو لاکھوں افراد نے دیکھا اور شیئر کیا ہے۔

AhmadSyed_DWurdu

پانچ سالہ احمد سید رحمان کی ویڈیو میں اس کی معصومیت اور خوبصورت رقص نے لوگوں کے دل جیت لیے ہیں۔ احمد کی والدہ نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا، ’’میں بہت خوش ہوں میرا بیٹا مصنوعی ٹانگ کے باعث خود مختار ہو گیا ہے۔‘‘  احمد کی والدہ کا کہنا ہے کہ احمد صرف آٹھ ماہ کا تھا جب وہ اور اس کی  بہن طالبان اور افغان افواج کے درمیان جاری جنگ کا نشانہ بنے۔  اس حادثے میں احمد اپنی ٹانگ کھو بیٹھا تھا۔ بڑھتی عمر کے ساتھ اسے مصنوعی ٹانگ کو تبدیل کرنا پڑتا ہے۔ حال ہی میں چوتھی مرتبہ اس کی مصنوعی ٹانگ کو تبدیل کیا گیا ہے۔

احمد کی ویڈیو ٹوئٹر پر ایک دن میں ہی پانچ لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھی جا چکی تھی۔ کئی افراد کو اس ویڈیو میں خوشی بھی نظر آئی اور جنگ سے نبرد آزما ملک افغانستان کے عوام کا دکھ اور تکلیف بھی۔

2018ء میں 3804 افغان شہری, جن میں 900 بچے تھے، جنگ کے باعث اپنی جان کھو بیٹھے تھے۔ اقوام متحدہ کے مطابق  افغانستان جنگ کے آغاز  کے بعد سے 2018ء افغانستان کے لیے سب سے خونی سال تھا۔ امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ سست روی کا شکار ہے، جس کے باعث افغان عوام کی امن کی خواہش بہت جلد پوری ہوتی نظر نہیں آ رہی۔