خبریں

ہریانہ: فریدآباد کے ایک بوتھ پر پھر سے ہوگی ووٹنگ، بی جے پی کے پولنگ ایجنٹ پر ووٹر کو متاثر کرنے کا تھا الزام

یہ واقعہ فریدآباد لوک سبھا سیٹ کے تحت آنے والے اساوٹی گاؤں میں ہوا، جہاں 12 مئی کوووٹنگ ہوئی تھی۔ ووٹروں کو متاثر کرنے کی کوشش کے الزام میں سوموار کو بی جے پی کے ایک پولنگ ایجنٹ کو گرفتار کیا گیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ اس ر بوتھ پر 19 مئی کو نئے سرے سے ووٹنگ ہو‌گی۔

وائرل ویڈیو کا اسکرین گریب

وائرل ویڈیو کا اسکرین گریب

نئی دہلی: ہریانہ کے پلول میں ایک پولنگ بوتھ پر ووٹروں کو متاثر کرنے کے الزام کے بعد الیکشن کمیشن نے اس بوتھ پر پھر سے ووٹنگ کرانے کا حکم دیا ہے۔اس سے پہلے سوموار کو ووٹروں کو متاثر کرنے کی کوشش کے الزام میں بی جے پی کے ایک پولنگ ایجنٹ کو گرفتار کیا گیا تھا۔ دراصل، اس واقعہ کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بی جے پی کارکن کی گرفتاری ہوئی تھی۔سوموار کو ایک بیان جاری کرکے کمیشن نے کہا، ‘ مشاہد کی طرف سے کی گئی تفتیش میں شکایت صحیح پائی گئی۔ اس لئے کمیشن نے اس پولنگ بوتھ پر 19 مئی کو نئے سرے سے ووٹنگ  کے حکم دئے ہیں۔ ‘ یہ واقعہ فریدآباد لوک سبھا سیٹ کے تحت آنے والے اساوٹی گاؤں میں ہوا، جہاں 12 مئی کو ووٹنگ ہوئی تھی۔

الیکشن کمیشن نے متعلقہ پریزائیڈنگ افسر کو اپنے کام  میں کاہلی کے الزام میں معطل کر دیا اور اس کے خلاف مجرمانہ کارروائی شروع کی جائے‌گی۔ رائے دہندگی کی پرائیویسی کی خلاف ورزی کی وجہ سے پھر سے ووٹنگ کرانے کے حکم دئے گئے ہیں۔کمیشن نے کہا کہ پولنگ ایجنٹ گریراج سنگھ کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ171-سی، 188 اور عوامی نمائندگی قانون 1951 کی دفعہ 135 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔بیان کے مطابق، ‘ پریزائیڈنگ افسر  امت اتری کو اپنے کام میں کاہلی کے لئے معطل کر دیا گیا ہے اور ان کے خلاف مجرمانہ کارروائی بھی شروع کی جا رہی ہےمشاہد سونل گلاٹی نے صحیح طریقے سے واقعہ کی رپورٹ نہیں دی، جس کی وجہ سے ان پر انتخاب سے جڑے کسی بھی کام کو کرنے کے لئے تین سال تک کی روک لگا دی گئی ہے۔ ‘

واقعہ پر فوراً کارروائی نہیں کرنے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فریدآباد پارلیامانی حلقہ کے الیکشن افسر 10 کا تبادلہ کر دیا گیا ہے۔ آئی اے ایس افسر اشوک کمار گرگ کو الیکشن کمیشن نے فریدآباد لوک سبھا علاقے کا نیا الیکشن افسر مقرر کیا ہے۔سوموار کی رات جاری ایک دوسرے بیان میں الیکشن کمیشن نے کہا،’ان کو منگل دوپہر سے پہلے ذمہ داری سنبھالنے کی ہدایت دی گئی ہے ‘الیکشن کمیشن کی شکایت پر پولنگ ایجنٹ کو گرفتار کیا گیا تھا۔ بعد میں اس کو ضمانت دے دی گئی۔

ویڈیو کلپ میں وہ ای وی ایم کے پاس گیا اور یا تو اس نے خود سے بٹن دبایا یا کم سے کم تین ووٹروں کو اس نے کسی خاص پارٹی کے بٹن دبانے کے لئے کہا۔ اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد کئی لوگوں نے الیکشن کمیشن کو ٹوئٹر پر ٹیگ کیا اور کارروائی کے لئے کہا، تب جاکرکمیشن نے جانچ بٹھائی۔

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)