خبریں

گوڈسے والے بیان کے لئے بی جے پی پرگیہ ٹھاکر کو باہر نکالنے پر غور کرے: نتیش کمار

بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کہا،یہ قابل مذمت ہے۔ ہم ایسی چیزوں کو برداشت نہیں کریں‌گے۔ باپو راشٹرپتا ہیں اور لوگ پسند نہیں کریں‌گے اگر کوئی اس طرح سے گوڈسے کے بارے میں بات کرتا ہے۔

نتیش کمار(فوٹو بہ شکریہ : اے این آئی)

نتیش کمار(فوٹو بہ شکریہ : اے این آئی)

نئی دہلی: بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے اتوار کو کہا کہ مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کو ‘دیش بھکت’بتانے کے لئے بی جے پی کو بھوپال لوک سبھا سیٹ سے امیدوار پرگیہ سنگھ ٹھاکر کو باہر نکالنے  پر غور کرنا چاہیے۔مالیگاؤں دھماکوں کی ملزم کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے، بی جے پی کے معاون جے ڈی یو کے صدر نتیش کمار نے واضح کیا کہ ان کی پارٹی ایسے بیانات کو برداشت نہیں کرے‌گی۔

وزیراعلیٰ نے پٹنہ میں راج بھون کے پاس ایک پولنگ بوتھ پر اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد نامہ نگاروں سے کہا، ‘یہ قابل مذمت ہے۔ ہم ایسی چیزوں کو برداشت نہیں کریں‌گے۔ باپو راشٹرپتا ہیں اور لوگ پسند نہیں کریں‌گے اگر کوئی اس طرح سے گوڈسے کے بارے میں بات کرتا ہے۔انڈین ایکسپریس کے مطابق، یہ پوچھے جانے پر کہ کیا بی جے پی کو پرگیہ ٹھاکر کو پارٹی سے باہر کرنا چاہیے، اس پر نتیش کمار نے کہا کہ ‘اس پر ضرور غور کیا جانا چاہیے۔

حالانکہ، انہوں نے کہا کہ یہ بی جے پی کا اندرونی معاملہ ہے، لیکن جہاں تک ملک یا نظریہ کا تعلق ہے، ایسی باتوں کو برداشت کرنے کا کوئی سوال ہی نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کارروائی کرنے اور رد عمل دینے کا دائرہ اختیار پارٹی کا ہے۔کمار نے صحافیوں سے کہا کہ انہوں نے کبھی بھی جرم، بد عنوانی اور فرقہ پرستی سے سمجھوتہ نہیں کیا ہے۔

واضح ہو کہ مدھیہ پردیش کا دیواس لوک سبھا سیٹ پر پارٹی امیدوار مہیندر سولنکی کی حمایت میں آگر مالوا میں روڈ شو کر رہی پرگیہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا تھا، ناتھو رام گوڈسے دیش بھکت  تھے، ہیں اور رہیں‌گے۔ گوڈسے کو دہشت گرد بولنے والے اپنے گریبان میں جھانک‌کر دیکھیں۔ اب کی بار انتخاب میں ایسا بولنے والوں کو جواب دے دیا جائے‌گا۔بعد میں انہوں نے اپنے اس بیان پر معافی مانگ لی تھی۔ اس بیان کو لےکر حزب مخالف پرگیہ ٹھاکر کو پارٹی سے باہر کرنے کی مانگ‌کر رہے ہیں۔