خبریں

دفاع اور وزیر خارجہ سمیت کئی مرکزی وزراء نے سرکاری بنگلہ کے بقایہ کی ادائیگی نہیں کی: آر ٹی آئی

ایک آر ٹی آئی کے جواب میں ہاؤسنگ اور شہری معاملات کی وزارت نے کہا کہ وجئے گوئل، پرکاش جاویڈکر، نرملا سیتارمن اور سشما سوراج سمیت کئی مرکزی وزراء نے اپنے سرکاری بنگلہ کی فروری تک کے بقایہ کی ادائیگی نہیں کی ہے۔

وزیر خارجہ سشما سوراج، ایچ آر ڈی وزیر پرکاش جاویڈکر اور وزیر دفاع نرملا سیتارمن(فوٹو : پی ٹی آئی)

وزیر خارجہ سشما سوراج، ایچ آر ڈی وزیر پرکاش جاویڈکر اور وزیر دفاع نرملا سیتارمن(فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: ہاؤسنگ اور شہری معاملات کی وزارت نے کہا ہے کہ وجئے گوئل، پرکاش جاویڈکر، نرملا سیتارمن اور سشما سوراج سمیت کئی مرکزی وزراء نے اپنے سرکاری بنگلہ کی فروری تک کے بقایہ کی ادائیگی نہیں کی ہے۔وزارت نے ایک آر ٹی آئی کے جواب میں کہا کہ مرکزی اقلیتی معاملات کے وزیر مختار عباس نقوی اور نارتھ ایسٹ علاقےکے ترقیاتی ریاستی وزیر جتیندر سنگھ نے بھی اپنے بنگلہ کے بقایہ کی ادائیگی نہیں کی ہے۔وزارت کے ایک افسر نے کہا کہ یہ بقایہ بنگلہ میں دستیاب فرنیچر اور دیگر چیزوں سے متعلق ہے۔ وزارت کے مطابق، نقوی اور سنگھ پر اس مدت کے دوران بالترتیب: 1.46 لاکھ اور 3.18 لاکھ روپے بقایہ ہیں۔

اجیت کمار سنگھ کے ذریعے دائر آر ٹی آئی پر 26 اپریل کو دئے گئے جواب میں یہ جانکاری دی گئی ہے۔مرکزی ہاؤسنگ اور شہری معاملات کی وزارت کے تحت آنے والےپراپرٹی کے ڈائریکٹریٹ قومی راجدھانی میں مرکزی وزراء اور رکن پارلیامان کو بنگلہ مختص کرتا ہے۔جواب میں کہا گیا ہے کہ وزیر دفاع نرملا سیتارمن پر فروری تک 53 276 روپے بقایہ ہے جبکہ پرکاش جاویڈکر نے 86923 روپے کے بقایہ کی ادائیگی نہیں کی ہے۔اس کے علاوہ پارلیامانی امور کے وزیر مملکت وجئے گوئل نے بھی تقریباًتین لاکھ روپے کی ادائیگی نہیں کی ہے جبکہ زراعت کے وزیرمملکت گجیندر سنگھ پر فروری تک کا 288269 روپے بقایہ ہے۔

آر ٹی آئی کے جواب میں ڈائریکٹریٹ نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ سشما سوراج پر بھی اس مدت تک 98890 روپے کا بقایہ ہے۔ پراپرٹی کے ڈائریکٹریٹ بقایہ رقم کی ادائیگی کرنے والے وزراء اور رکن پارلیامان کو ‘نو ڈیمانڈ سرٹیفیکٹ’جاری کرتا ہے۔

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)