خبریں

ای وی ایم نہیں ، ہندوؤں کے دماغ کے ساتھ  ہوئی چھیڑ چھاڑ: اسد الدین اویسی

اے آئی ایم آئی ایم کے صدر اسد الدین اویسی نے حیدرآباد پارلیامانی حلقے سے 282181 ووٹوں سے جیت درج کی ہے۔

اسد الدین اویسی، فوٹو : پی ٹی آئی

اسد الدین اویسی، فوٹو : پی ٹی آئی

نئی دہلی : لوک سبھا انتخاب میں بی جے پی کو الیکے اکثریت ملنے پر آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اسد الدین اویسی نے جمعرات کو کہا کہ ای وی ایم کے ساتھ نہیں بلکہ ہندوؤں کے دماغ کے ساتھ چھیڑ چھاڑکی گئی ہے۔خبررساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق، اویسی نے کہا کہ ، الیکشن کمیشن کو اپنی غیر جانبداری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ مجھے امید ہے کہ اگر وی وی پیٹ  کی پرچیوں کا ملان کیا جائے تو اعداد وشمار 100 فیصدی درست نکلیں گے۔انہوں نے بی جے پی کی جیت کے لیے ہندوؤں کو ذمہ دار بتاتے ہوئے کہا کہ ، اس بار ای وی ایم میں ہیرا پھیری نہیں ہوئی ، ہندوؤں کے دماغ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے قومی سلامتی کا خوف پیدا کرنے اور اس کے استعمال کا الزام بھی لگایا۔ انہوں نے کہا ،یقینی طور پر بی جے پی ملک کی سلامتی کا خوف پیدا کرنے میں بہت کامیاب رہی ۔ انہوں نے راشٹر واد اور مسلم اقلیتوں کاایک  تصور بنایا ۔ ان مدعوں کو بی جے پی نے اپنے فائدے کے لیے استعمال کیا۔واضح ہوکہ انہوں نے حیدرآباد پارلیامانی حلقے سے 282181 ووٹوں سے جیت حاصل کی ۔ وہیں مہاراشتر کے اورنگ آباد پارلیامانی حلقے سے اے آئی ایم آئی ایم کے امتیاز جلیل سید نے 4492 ووٹوں سے جیت حاصل کی ۔

غور طلب ہے کہ بی جے پی کی303 سیٹوں پر جیت کے ساتھ وزیراعظم نریندر مودی کی دوسری مدت کار کا راستہ صاف ہوچکا ہے وہیں کانگریس اس انتخاب میں محض 52 سیٹیں حاصل کر سکی ۔