خبریں

مبینہ طور پر ’رام رام‘ کا جواب نہ دینے پر غیر ملکی شہری کو چاقو مارا، حملہ آور گرفتار

اتر پردیش کے متھرا کا معاملہ۔ پولیس نے بتایا کہ حملہ آور نے غیر ملکی عقیدت مند کو رام رام کہا لیکن انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔ الزام ہے کہ دوبار رام رام کرنے پر غیرملکی شہری نے اس کو تھپڑ مار دیا، جس کے بعد ملزم نے ان پر چاقو سے وار کردیا۔

Mathura

نئی دہلی: اتر پردیش کے متھرا ضلع کے گووردھن حلقے میں منگل کو پری کرما مارگ پر ایک نوجوان نے غیر ملکی عقیدت مند کی گردن پر چاقو مار‌کر اس کو زخمی کر دیا۔ پولیس نے غیر ملکی شہری کو کمیونٹی ہیلتھ سینٹر میں داخل کرایا ہے۔ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔لیٹویا کے شہری جیمترج ہندوستان کی سیر پر ہیں۔ وہ رادھاکنڈ کے کھجور گھاٹ پر رہ‌کر ہر دن بھجن کرتے ہیں۔ الزام ہے کہ منگل کی صبح جب وہ رادھاکنڈ پر بھجن کر رہے تھے، تبھی رشی نام کے مقامی نوجوان نے اس کی گردن پر چاقو سے وارکر دیا۔ حملے میں غیر ملکی عقیدت مند زخمی ہو گیا۔

چوکی انچارج  نے بتایا کہ ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ پوچھ تاچھ میں پتہ چلا ہے کہ حملہ آور نے غیر ملکی عقیدت مند کو رام رام کہا، لیکن اس نے کوئی جواب نہیں دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ملزم کے دوبارہ رام رام کرنے پر غیر ملکی شہری نے اس کو تھپڑ مار دیا۔ اس وجہ سےغصے میں نو جوان نے اس پر چاقو سے وار کر دیا۔سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ ستیارتھ انیرودھ پنکج نے بتایا،’حملہ آور نوجوان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے‌گی۔ پوچھ تاچھ میں حملے کی کوئی اور وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ اس کے چال چلن  کے بارے میں بھی جانکاری لی جا رہی ہے۔ ‘

واضح ہو کہ پچھلے کچھ دنوں میں جبراً ‘جئے شری رام ‘ کا نعرہ لگوانے پر تشدد کے کئی واقعات سامنے آ چکے ہیں۔26 مئی کو دہلی میں جنتر منتر کے پاس مبینہ طور پر کچھ نوجوانوں نے ماہر امراض نسواں اورقلمکار ڈاکٹر ارون گدرے کو گھیر‌کر ان سے ان کا مذہب پوچھا اور پھر ‘ جئے شری رام ‘ کے نعرے لگانے کے لئے مجبور کیا۔اس سے پہلے 22 مئی کا ایک واقعہ میں مدھیہ پردیش کی سیونی میں مبینہ طور پر گائے کا گوشت لے جانے کے شک میں گئورکشکوں کے ذریعے ایک مسلم خاتون سمیت تین لوگوں کی بےرحمی سے پٹائی کر دی گئی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے ویڈیو میں گئورکشک متاثرین سے جبراً ‘جئے شری رام ‘کے نعرے لگواتے دیکھے گئے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)