خبریں

اترپردیش: میرٹھ میں پولیس نے تھانے کے اندر ٹرانس جینڈر وں پر کیا لاٹھی چارج

یہ معاملہ میرٹھ کے لال کرتی پولیس اسٹیشن کا ہے۔ افسروں کادعویٰ ہے کہ یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب انہوں نے لوگوں سے ملے تحفے باٹنے کو لے کر ایک دوسرے گروپ کے ساتھ جھگڑا شروع کردیا۔

فوٹو پی ٹی آئی

فوٹو پی ٹی آئی

نئی دہلی :اترپردیش پولیس نے سوموار کو میرٹھ میں  ٹرانس جینڈروں کے ایک گروپ پر لاٹھی چارج کردیا ۔ اس معاملے کا ایک ویڈیو بھی سامنے آیا ہے جس میں پولیس ان کو بری طرح لاٹھی سے پیٹ رہی ہے اور وہ بچنے کے لیے  ادھر ادھر بھاگ رہے ہیں۔ این ڈی ٹی وی کی ایک خبر کے مطابق، یہ معاملہ میرٹھ کے لال کرتی پولیس اسٹیشن کا ہے۔ افسروں کا دعوی ہے کہ یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب انہوں نے لوگوں سے ملے تحفے باٹنے کو لے کر ایک دوسرے گروپ کے ساتھ جھگڑا شروع کردیا۔

ذرائع کے مطابق، دونوں فریقین نے لال کرتی حلقے کے فوارہ چوک کے پاس ایک گھر میں جم کر ہنگامہ کیا ۔ ہنگامے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس موقع پر پہنچی ۔ خبر کے مطابق ، پولیس نے دونوں فریقین کو دوڑا دیا ۔ اس کے بعد دونوں فریقین تھانے پہنچے اور وہاں زبردست ہنگامہ کیا ۔ ٹرانس جینڈروں نے اس دوران نیم برہنہ ہوکر تھانے میں ہنگامہ کیا۔پولیس کے سمجھانے پر بھی جب وہ نہیں مانے تو پولیس کا غصہ پھوٹ پڑا ۔ تھانہ لال کرتی کے انسپکٹر روجنت تیاگی سمیت دوسرے پولیس اہلکاروں نے ٹرانس جینڈروں کو دوڑا دوڑا کر پیٹا، جس میں کئی لوگوں کے کپڑے تک پھٹ گئے ۔

معاملے کی ویڈیو ریکارڈنگ میں ٹرانس جینڈر پٹائی سے بچنے کے لیے ادھر ادھر بھاگ رہے ہیں ۔معاملے کے بعد ایس ایس پی نتن تیواری نے کہا کہ ہنگامہ کرنے کے ٹرانس جینڈروں کو قابو کرنے کے لیے پولیس کو طاقت کا استعمال کرناپڑا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر پولیس نے ضرورت سے زیادہ طاقت کا استعمال کیا ہوگا تو اس کی جانچ بھی کی جائے گی۔نیوز18کی خبر کے مطابق، دونوں فریقین کے خلاف شکایت درج کرائی گئی ہے۔