خبریں

سی بی آئی نے جانے مانے وکیل آنند گروور،’لائرس کلیکٹو‘ کے خلاف درج کیا معاملہ

الزام ہے کہ غیر سرکاری تنظیم لائرس کلیکٹو کے ذریعے غیر ملکی امداد کا غلط طریقے سےاستعمال کیا گیا ہے۔ حالانکہ تنظیم نے اس کارروائی کو اظہار رائے کی آزادی پر حملہ بتایا ہے۔

وکیل آنند گروور(فوٹو بہ شکریہ : جی این ایل یو)

وکیل آنند گروور(فوٹو بہ شکریہ : جی این ایل یو)

نئی دہلی: سی بی آئی نے غیر ملکی امداد حاصل کرنے میں اصولوں کی  مبینہ خلاف ورزی کو لےکر جانے مانے وکیل آنند گروور اور ممبئی واقع ان کی رضاکار انہ تنظیم’لائرس کلیکٹو’کے خلاف معاملہ درج کیا ہے۔ایجنسی  نے وزارت داخلہ کی شکایت کی بنیاد پر ایف آئی آر درج کی ہے۔ وزارت نے گروپ کو ملی غیر ملکی امداد کے استعمال میں بے ضابطگیوں کا الزام لگایا ہے۔سی بی آئی نے ‘لائرس کلیکٹو’کے صدر گروور اور تنظیم کے نامعلوم اہلکاروں کے علاوہ دیگر نامعلوم افسروں کے خلاف معاملہ درج کیا ہے۔

وزارت کی شکایت کے مطابق گروپ کو 2006سے07 اور 2014سے15 کے درمیان 32.39 کروڑ روپے کی غیر ملکی مدد ملی تھی جس میں بے ضابطگی سے کام لیا گیا جو غیر ملکی چندہ (ضابطہ) قانون (ایف سی آر اے) کی خلاف ورزی ہے۔ وزارت کی شکایت اب ایف آئی آر کا حصہ ہے۔حالانکہ لائرس کلیکٹو نے اس کارروائی کو اظہار رائے کی آزادی پر حملہ بتایا ہے۔ انہوں نے کہا، ‘ہمارے خلاف ایف سی آر اے کارروائی اس لئے کی گئی کیونکہ این جی او کے اہلکاروں نے بی جے پی اور حکومت ہند کے اہم لوگوں کے خلاف حساس معاملے اٹھائے تھے، جس میں موجودہ وزیر داخلہ امت شاہ سمیت دیگر لوگ شامل ہیں۔ ‘

وہیں، وزارت نے کہا کہ این جی او کی دستیاب جانکاری اور ریکارڈوں کی جانچ‌کی بنیاد پر ایف سی آر اے، 2010 کے مختلف اہتماموں کی پہلی نظر میں خلاف ورزی پائی گئی۔وزارت نے دعویٰ کیا کہ جانچ‌کے دوران پائی گئی خلاف ورزی کی بنیاد پر این جی او سے جواب مانگا گیا تھا لیکن اس کو اطمینان بخش نہیں پایا گیا۔اس کے بعد اس کا ایف سی آر اے رجسٹریشن ردکر دی گئی اور وجہ بتاؤ نوٹس جاری کی گئی ہے۔

گروور سابق ایڈیشنل سالیسٹر جنرل اور سپریم کورٹ کی  وکیل اندرا جئے سنگھ کے شوہر ہیں۔حال میں سپریم کورٹ ‘لائرس وائس ‘کے ذریعے دائر ایک پی آئی ایل  میں الزام لگایا گیا تھا کہ ‘لائرس کلیکٹو’کے ذریعے جمع چندے کا ‘ملک کے خلاف سرگرمیوں’میں غلط استعمال کیا گیا۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے  ان پٹ کے ساتھ)