خبریں

کیرل: سی پی ایم رہنما کے بیٹے پر ریپ کا معاملہ درج

بہار کی رہنے والی ایک 33 سالہ خاتون نے اپنی شکایت میں سی پی ایم رہنما کوڈئیری بالاکرشنن کے بیٹے بنائے ونودنی بالاکرشنن پر شادی کا جھانسہ دےکر ریپ  کرنے کا الزام لگایا ہے۔ خاتون نے بنائے سے 8 سال کا ایک بیٹا ہونے کی بات بھی کہی ہے۔

بنائے بالاکرشنن (فوٹو بہ شکریہ : فیس بک)

بنائے بالاکرشنن (فوٹو بہ شکریہ : فیس بک)

نئی دہلی: ممبئی پولیس نے مارکسوادی کمیونسٹ پارٹی (سی پی ایم) کی کیرل اکائی کے سکریٹری کوڈئیری بالاکرشنن کے بیٹے کے خلاف ایک خاتون سے ریپ اور دھوکہ دھڑی کا معاملہ درج کر لیا۔پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ بہار کی رہنے والی ایک 33 سالہ خاتون نے اپنی شکایت میں سی پی ایم رہنما کوڈئیری بالاکرشنن کے بیٹے بنائے ونودنی بالاکرشنن پر شادی کا جھانسہ دےکر ریپ کرنے کا الزام لگایا ہے۔ خاتون نے بنائے سے آٹھ سال کا ایک بیٹا  ہونے کی بات بھی کہی ہے۔

دوسری طرف، بنائے نے خاتون سے جان پہچان  ہونے کی بات قبول  کی ہے، لیکن الزامات کو بے بنیاد بتاتے ہوئے خارج کر دیا۔بنائے نے تروننت پورم میں ٹی وی چینلوں سے کہا کہ چھ مہینے پہلے خاتون نے ایک خط بھیج‌کر اس سے پانچ کروڑ روپے کی مانگ کی تھی۔ خاتون نے الزام لگایا تھا کہ اس نے اس سے شادی کی ہے اور دونوں کا ایک بچہ بھی ہے۔

انہوں نے کہا، ‘ میں نے 2008 میں شادی کی تھی۔ مجھے اس کو چھپانے کی کوئی ضرورت نہیں ہیں۔ یہ شکایت گزار کا بلیک میل کرنے کا ایک طریقہ ہے۔’بنائے نے کہا کہ انہوں نے کنور رینج کے ڈی جی پی  کے پاس خاتون کے خلاف مئی میں ایک شکایت درج کرائی تھی۔ آگے کی کارروائی کے لئے شکایت کو کنور کے اس وقت کے پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) شیو وکرم کے پاس بھیج دیا گیا تھا۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ لوک سبھا انتخاب اور دائرہ اختیار  کے مدعوں کی وجہ سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔بنائے نے کہا کہ ممبئی پولیس نے ابھی تک ان سے رابطہ نہیں کیا ہے اور وہ معاملے سے قانونی طور سے نپٹنے کے لئے تیار ہیں۔اوشورا پولیس تھانے کے سینئر انسپکٹر شیلیش پاسلواڈ نے کہا کہ شکایت کی بنیاد پر ملزم کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 420 (دھوکہ دھڑی) اور 376 (ریپ) کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔

افسر نے بتایا کہ خاتون ملزم کو دبئی میں ملی تھی، جہاں وہ ایک بار ڈانسر کا کام کرتی تھیں۔ ملزم اکثر ڈانس بار میں آتا تھا اور اس کے خاتون سے رشتے قائم ہو گئے۔ بنائے نے اس سے نوکری چھوڑنے کو کہا اور شادی کرنے کا وعدہ کیا۔خاتون نے اپنی شکایت میں الزام لگایا ہے  کہ سال 2010 میں ملزم نے اس کو ممبئی میں کرائے  کا گھر دلوا دیا۔ جہاں وہ اکثر اس سے ملنے آیا کرتا تھا۔ اس رشتے سے اسے ایک اولاد بھی ہے۔

خاتون نے کہا کہ اس کو گزشتہ  سال ہی پتا چلا کہ بنائے پہلے سے شادی شدہ ہے اور اس کے بعد ان کے رشتوں میں کھٹاس آ گئی۔ اس نے الزام لگایا کہ بنائے نے اس کو سنگین نتائج  بھگتنے کی دھمکی بھی دی۔گزشتہ سال دھوکہ دھڑی کے ایک معاملے میں دبئی کی ایک عدالت بنائے کے سفر پر پابندی لگا چکی ہے۔ یہ معاملہ جے اے اے ایس ٹوریزم نے درج کرایا تھا جس میں ان پر الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے کمپنی کے ساتھ 13 کروڑ روپے کا فراڈ کیا۔

ماکپا کی سینئر رہنما اور پارٹی پولت بیورو کی ممبر برندا کرات نے کہا کہ اس معاملے کا پارٹی سے کوئی لینا-دینا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرم کے ملزم کسی بھی شخص  کو نتائج  بھگتنے ہوں‌گے اور ثابت کرنا ہوگا کہ وہ بےقصور ہے یا قصوروار۔بی جے پی کی کیرل اکائی نے معاملے کی جانچ کی مانگ کی ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)