خبریں

آسام: مسلم نو جوانوں کو پیٹا، جبراً جئے شری رام، پاکستان مردہ باد کے نعرے لگوائے

یہ معاملہ آسام کے بارپیٹا کا ہے۔ 18 جون کورائٹ ونگ کے کچھ گروپ کے لوگوں نے آٹورکشہ روک‌کر اس میں سوار مسلم کمیونٹی کے کچھ لوگوں کی مبینہ طور پر پٹائی کی۔ اس معاملے میں دو ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔

Assam-Barpeta

نئی دہلی : آسام کے بارپیٹا میں مسلم کمیونٹی کے لوگوں کو مبینہ طور پر پیٹنے اور جبراً جئے شری رام اور پاکستان مردہ باد کے نعرے لگوانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں جمعرات کو ایک رائٹ ونگ تنظیم کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔اس میں الزام لگایا گیا ہے کہ آسام کی اقلیتی کمیونٹی کے ممبروں کے ایک گروپ پر مبینہ طور پر حملہ کیا گیا اور ان کو جئے شری رام اور پاکستان مردہ باد کے نعرے لگانے کے لئے مجبور کیا گیا۔

آل آسام مائنارٹی اسٹوڈنٹ یونین (اے اے ایم ایس یو) اور نارتھ ایسٹ مائنارٹی اسٹوڈنٹ یونین(این ای ایم ایس یو)کے بانی نے اس رائٹ ونگ  تنظیم کے خلاف دو ایف آئی آر درج کرائی ہے۔پولیس کے مطابق، یہ معاملہ  منگل کی رات کو اس وقت سامنے آیا، جب مبینہ طور پر حملے اور نعرے لگوانے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا۔

شکایت میں کہا گیا کہ رائٹ ونگ تنظیم کے ممبر ہونے کا دعویٰ کرنے والے لوگوں کے ایک گروپ نے بارپیٹا میں ایک آٹورکشہ روک‌کر اس میں بیٹھے نو جوانوں کی پٹائی کی۔ اقلیتی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے متاثرین سے جبراً جئے شری رام، بھارت ماتا کی جئے اور پاکستان مردہ باد کے نعرے لگوائے گئے۔

حملہ آوروں نے متاثرین کی پٹائی کے دوران اس واقعہ کا پورا ویڈیو بھی بنایا اور اس کو بعد میں سوشل میڈیا پر اپلوڈ کر دیا۔اس واقعہ پر بارپیٹا کے کانگریس ایم ایل اے عبدالخالق نے کہا کہ انہوں نے ایس پی سے اس  معاملے میں کارروائی کرنے کو کہا ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)