خبریں

جموں و کشمیر: 28 سال پرانے معاملے میں اردو اخبار کے مدیر گرفتار

سرینگر سے نکلنے والے اردو روزنامہ آفاق کے مدیر اور مالک غلام جیلانی قادری کو سوموار دیر رات ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ 1992 میں ہوئے ایک معاملے  میں ٹاڈا کورٹ کے سمن پر ایسا کیا گیا، وہیں قادری کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد ان کو پریشان کرنا ہے۔

روزنامہ آفاق کے مدیر غلام جیلانی قادر،فوٹو: گریٹر کشمیر

روزنامہ آفاق کے مدیر غلام جیلانی قادر،فوٹو: گریٹر کشمیر

نئی دہلی :سرینگر سے نکلنے والے اردو روزنامہ آفاق کے مدیر اور مالک غلام جیلانی قادری کو سوموار دیر رات ان کے گھر سے گرفتار کر لیا گیا۔دی ہندو کی خبر کے مطابق، 28 سال پرانے معاملے  میں ان کو ٹیریرسٹ اینڈ ڈسرپٹو اکٹیوٹیز (ٹاڈا) کورٹ کے سمن پر  گرفتار کیا گیا ہے۔62 سالہ قادری سوموار رات تقریباً 11:30 بجے اپنے کام سے گھر لوٹے تھے، جب پولیس ان کے گھر پہنچی اور ان کو نزدیکی تھانے لے گئی۔

ڈیلی ایکسلسیر کے مطابق؛ ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ ان کو 1992 میں ہوئے ایک معاملے  میں گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ پوچھے جانے پر کہ گرفتاری آدھی رات کو کیوں ہوئی، انہوں نے کہا، ‘ دن میں پولیس مصروف تھی۔ ‘دی ہندو سے بات کرتے ہوئے قادری کے چھوٹے بھائی معارفت قادری نے بتایا، ‘ ان کو گھر کے اندر آنے یا کپڑے تک بدلنے نہیں دئے گئے۔ اگر کوئی سمن ہوتا تو وہ خودہی پولیس کے سامنے پیش ہو گئے ہوتے۔ جس طرح سے گرفتاری کی گئی، اس سے لگتا ہے کہ اس کا مقصد بےوجہ ان کو اور ان کی فیملی کو پریشان کرنا ہے۔ ‘

سرینگر کے ایس ایس پی ڈاکٹر حسیب مغل نے گریٹر کشمیر کو بتایا کہ قادری کو ‘ ایک بہت پرانے معاملے ‘ میں گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا، ‘ ٹاڈا کورٹ نے ان کے خلاف سمن جاری کیا تھا لیکن انہوں نے تعاون نہیں کیا۔ ان کو منگل کو عدالت میں پیش کیا جائے‌گا۔ ‘پولیس نے فیملی کو بتایا ہے کہ 1992 میں قادری اور 8 دیگر صحافیوں کو ایک مقامی نیوز ایجنسی جے اے کے (جموں اینڈ کشمیر) نیوز چلانے سے جڑے معاملے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ معاملے میں ان کو اب تک ‘ فرار ‘ بتایا گیا ہے۔ ان کے علاوہ تین دیگر صحافی، جن کے خلاف معاملہ درج تھا، ان کی موت ہو چکی ہے۔

اس بارے میں قادری کے بھائی کا کہنا ہے، ‘ اتنے سالوں سے وہ روز دفتر آجا رہے ہیں۔ ان کو ‘ فرار ‘ کیسے دکھایا جا سکتا ہے؟ اس کے علاوہ، اس معاملے میں جن دو صحافیوں پر یہی الزام تھا انہوں نے ریاستی ایوارڈ حاصل کئے اور وہ ایم ایل اے بن گئے۔ ‘قادری کو منگل کو عدالت میں پیش کئے جانے کا امکان ہے۔ منگل کی صبح کئی صحافی قادری کی حمایت میں عدالت کے کیمپس میں جمع ہوئے تھے۔