خبریں

ٹرمپ نے جی-20 کانفرنس سے پہلے کہا، ہندوستان کی طرف سے لگایا گیا ٹیرف’ناقابل قبول ‘

ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت پر آیا ہے جب ایک دن پہلے ہی امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو نے کہا کہ ہندوستان امریکہ ایک اہم ساجھےدار ہے اور امریکی-ہندوستانی ساجھے داری نئی اونچائیوں پر پہنچنے لگی ہے۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی (فائل فوٹو : رائٹرس)

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی (فائل فوٹو : رائٹرس)

نئی دہلی: امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی مصنوعات پر ہندوستان کے ذریعے لگائے جانے والا ٹیرف ‘ ناقابل قبول ‘ ہے اور اس کو واپس لیا جانا چاہیے۔ جاپان کے اوساکا میں جی-20  سمٹ سے الگ وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ میٹنگ سے پہلے انہوں نے یہ بات کہی۔صدر ٹرمپ نے جمعرات کی صبح ٹوئٹ کیا، ‘ میں وزیر اعظم (نریندر) مودی سے اس بارے میں بات کرنا چاہتا ہوں کہ ہندوستان نے سالوں سے امریکہ کے خلاف اونچا ٹیرف لگا رکھا ہے اور حال کے دنوں میں اس کو اور بڑھا دیا ہے۔ یہ ناقابل قبول ہے اور ٹیرف کو یقینی طور پر واپس لیا جانا چاہیے۔ ‘

ٹرمپ جی-20 سمٹ سے الگ جمعہ کو وزیر اعظم مودی سے دو طرفہ ملاقات کریں‌گے۔ عام انتخابات میں بی جے پی کی شاندار جیت‌کے بعد مودی کے ساتھ ان کی یہ پہلی میٹنگ ہوگی۔ٹرمپ اور مودی کی یہ میٹنگ ایسے وقت میں کافی اہم مانی جا رہی ہے جب کاروبار اور معیشت سے جڑے مختلف مدعوں کو لےکر دونوں ممالک کے رشتوں  میں ایک طرح کی تلخی دیکھنے کو مل رہی ہے۔

امریکہ کے ذریعے ہندوستان کو ترجیحی  انتظام سے باہر کئے جانے کے جواب میں حال ہی میں ہندوستان نے امریکہ سے درآمد شدہ 29 چیزوں پرٹیرف بڑھا دئے تھے۔امریکہ کے ذریعے گزشتہ سال اسٹیل اور ایلومینیم در آمد پر لگائے گئے اونچے ٹیرف  کے جواب میں ہندوستان نے یہ ٹیرف بڑھائی ہے۔ ایسا کرنے کی اسکیم 2018 سے ہی بن رہی تھی، لیکن چونکہ ہندوستان نے امریکہ کے ساتھ کاروبار پیکج پر بات چیت کی تھی اس لئے اس میں کم سے کم آٹھ بار تاخیر ہوئی۔

جب گزشتہ 23 مئی کو امریکہ نے رسمی طور پر جی ایس پی کے فائدے سے ہندوستان کو باہر کر دیا تو ہندوستان نے جوابی کارروائی کے طور پر ٹیرف بڑھا دیا۔اس سے پہلے امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ انہوں نے کاروبار اور معیشت، توانائی، دفاع، دہشت گردی کے مقابلے اور لوگوں کے لوگوں سے رابطہ میں دو طرفہ تعلقات کے پورےامکانات کو حاصل کرنے کی مضبوط وابستگی ظاہرکی۔

پومپیو منگل کو ہندوستان پہنچے تھے۔ انہوں نے بدھ کی صبح کے وقت وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت پر آیا ہے جب ایک دن پہلے ہی پومپیو نے کہا کہ ہندوستان امریکہ ایک اہم ساجھےدار ہے اور امریکی-ہندوستانی ساجھے داری نئی اونچائیوں پر پہنچنے لگی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب دنیا کی دو سب سے بڑی معیشت کے 1.7 ارب لوگ ایک ساتھ آتے ہیں تو ہم بڑے کام کر سکتے ہیں۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)