خبریں

یوگی کے دورے سے پہلے صحافیوں کو کمرے میں بند کرنے کا الزام، افسروں نے تردید کی

یوگی آدتیہ ناتھ اتر پردیش کے مرادآباد میں ایک ہاسپٹل کا دورہ کرنے گئے تھے ۔ الزام ہے کہ وزیر اعلیٰ کے آنے سے پہلے صحافیوں کو ایک کمرے میں بند کردیا گیا ،تاکہ وہ سوال نہ پوچھ سکیں ۔

یوگی آدتیہ ناتھ (فوٹو : پی ٹی آئی)

یوگی آدتیہ ناتھ (فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی : اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے مرادآبادواقع ایک ہاسپٹل کے دورے کو لے کر تنازعہ ہوگیا ہے ۔ موقع پر موجود مقامی صحافیوں کے ایک گروپ نے الزام لگایا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے آنے پر ان کو ایک کمرے میں بند کردیا گیا ، تاکہ وہ یوگی سے مشکل سوال نہ پوچھ سکیں ۔

جبکہ کانگریس کی پرینکا گاندھی واڈرا سمیت اپوزیشن نے الزامات کے بعد حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ حالاںکہ ضلع مجسٹریٹ نے ایسے کسی واقعے سے انکار کیا ہے۔

پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کر کے لکھا ہے کہ ،’ صحافی قید کیے جارہے ہیں ، سوالوں پر پردہ ڈالا جارہا ہے ، مسائل کو درکنار کیا جاریا ہے ۔ اترپردیش کی اکثریت والی بی جے پی حکومت عوام کے سوالوں سے منھ بچکا رہی ہے ۔ نیتا جی یہ پبلک ہے سب جانتی ہے ۔ سوال پوچھے گی بھی اور جواب بھی لے گی۔’

آئی اے این ایس کی رپورٹ کے مطابق: صحافیوں نے الزام لگایا تھا کہ وزیر اعلیٰ کے دورے سے پہلے،ان کو 2 گھنٹے کے لیے ایمرجنسی وارڈ میں بند کر دیا گیا تھا۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ضلع مجسٹریٹ راکیش کمار سنگھ نے یہ یقینی بنانے کے لیے گیٹ کے باہر گارڈ تعینات کیے تاکہ صحافی سنیچر کو وزیر اعلیٰ کی موجودگیکے دوران باہر نہ آسکیں۔

وزیر اعلیٰ کے جانے کے آدھے گھنٹے بعد ،سنگھ مبینہ طور سے آئے اور گیٹ کو کھول دیا۔ ایسا کرنے کے لیے انھوں نے صحافیوں کو ہی ذمہ دار ٹھہرایا۔انھوں نے میڈیا اہلکاروں کو ضلع ہاسپٹل کا دورہ نہ کرنے کے لیے بھی کہا۔حالانکہ راکیش کمار سنگھ کا کہنا ہے کہ ایسا کوئی واقعہ نہیں ہوا تھا۔

اے این آئی کے مطابق؛ سنگھ نے کہا،’یہ صحیح نہیں ہے۔ جانچ کے دوران کئی میڈیا اہلکار وارڈ کے اندر تھے اور ہم نے میڈیا اہلکاروں سے بس وارڈ کے اندر نہ جانے کی گزارش کی تھی۔’

حالانکہ انھوں نے یہ قبول کیا کہ پولیس نے صحافیوں کو داخل ہونے سے روکا تھا،لیکن صرف اس لیے کیوں کہ  ہاسپٹل میں پہلے سے ہی بھیڑ بھاڑ کے حالات پیدا ہو گئےتھے۔