خبریں

بہار: چوری کے شک میں نوجوان کا بھیڑ کے ذریعے پیٹ-پیٹ‌ کر قتل

یہ واقعہ ویشالی ضلع کے سرائے کا ہے، جہاں مرنے والے  کو مبینہ طور پر لوہا کاٹنے والے اوزار کے ساتھ ایک گھر کے پاس دیکھا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے ایک گھر میں چوری کی کوشش کی اور پکڑا گیا۔

فوٹو: بہ شکریہ یو ٹیوب

فوٹو: بہ شکریہ یو ٹیوب

نئی دہلی: بہار کے ویشالی ضلع میں چوری کے شک میں بھیڑ نے ایک شخص کا پیٹ-پیٹ‌کر قتل کر دیا۔ ابھی مرنے والے کی شناخت نہیں ہو پائی ہے۔ٹائمس آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق، یہ واقعہ منگل کو ویشالی ضلع کے سرائے پولیس تھانہ کے تحت آنے والے گاؤں اختیار پور پٹیدھنا گاؤں میں ہوا، جہاں رات ایک بجے ایک شخص کو لوہا کاٹنے والے ایک ہتھیار کے ساتھ ایک گھر کے پاس دیکھا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس شخص نے مبینہ طور پر گھر میں چوری کرنے کی کوشش کی ہوگی لیکن گھر کے لوگوں کے جاگنے کی وجہ سے وہ اس میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ اس نے بھاگنے کی کوشش کی لیکن لوگوں نے اس کو پکڑ لیا۔ شور سن‌کر آس پاس کے لوگ بھی اکٹھا ہو گئے۔

سرائے پولیس تھانہ کے ایس ایچ او دھرم جیت مہتو نے کہا کہ بھیڑ نے بڑی بےرحمی سے ملزم کی پٹائی کی، جس سے اس کی موت ہو گئی۔انہوں نے کہا، ‘ اس واقعہ کا پتا چلنے پر پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی لیکن تب تک متاثرہ کی موت ہو چکی تھی۔ اس بارے میں کچھ لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ‘

ایس ایچ او نے بتایا کہ متاثرہ  کے پاس سے ایک موبائل فون ملا ہے، جس سے اس کی شناخت ہو سکتی ہے۔ لاش کو حاجی پور کے صدر ہاسپٹل میں پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔ ‘غور طلب ہے کہ پچھلے مہینے جھارکھنڈ کے سرائے کیلا کھرساواں میں بھی چوری کے الزام میں تبریز انصاری نامی مسلم نوجوان کا بھیڑ نے پیٹ-پیٹ‌کر قتل کر دیا تھا۔ اس معاملے میں پانچ لوگوں کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ دو پولیس افسروں کو معطل  کر دیا گیا تھا۔

تبریز انصاری پر موٹرسائیکل چوری کرنے کا الزام لگا تھا۔ سوشل میڈیا پر سامنے آئے ایک ویڈیو کے مطابق، اس کو پکڑنے کے بعد بھیڑ نے اس کو ایک ستون سے باندھ‌کر کئی گھنٹوں تک اس کی لاٹھیوں سے پٹائی کی تھی۔ اس دوران اس سے ‘ جئے شری رام ‘ اور ‘ جئے ہنمان ‘ کے نعرے لگانے کو کہا جا رہا تھا۔