خبریں

اتر پردیش: چھیڑخانی کی مخالفت کرنے کے بعد خاتون کو لاٹھی سے پیٹ-پیٹ‌ کر مار ڈالا

یہ معاملہ اتر پردیش کے بھدوہی ضلع کے اورنگ آباد گاؤں کا ہے۔ پولیس نے دو ملزمین کو گرفتار کیا ہےاور دیگر دو ملزمین کی گرفتاری کی کوشش کی جا رہی ہے۔

Bhadohi

نئی دہلی: اتر پردیش کے بھدوہی ضلع کے اورائی تھانہ حلقے میں لڑکیوں سے چھیڑخانی کی مخالفت کرنے پر کچھ لوگوں نے لاٹھیوں سے لڑکی کی فیملی پر حملہ کر دیا اور ایک خاتون کا لاٹھی سے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔پولیس سپرنٹنڈنٹ راجیش ایس نے گزشتہ بدھ کو بتایا کہ اس معاملے میں چار لوگوں کے خلاف معاملہ درج کر کے دو لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ دو فرار ملزمین کو پکڑنے کے لئے کوشش کی  جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اورنگ آباد گاؤں میں مدثر کی لڑکیوں سے وہیں کے کچھ لڑکے چھیڑخانی کرتے رہتے تھے۔ گزشتہ دو جولائی کی رات کو بھی چھیڑ خانی  کرنے کی مدثر نے مخالفت کی تو آفتاب، مہتاب، نظام اور ریاض نے مدثر کے گھر میں گھس‌کر پوری فیملی پر لاٹھیوں سے حملہ کر دیا۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ حملے میں مدثر کی بیوی بلقیس (45) کے سر پر کئی لاٹھیاں لگنے کی وجہ سے وہ شدیدطور پر زخمی ہو گئی اور اس کو وارانسی کے لئے ریفر کیا گیا، جہاں تین جولائی کی صبح اس کی موت ہو گئی۔

انہوں نے بتایا کہ حملے میں پانچ لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ ملزم نظام اور اس کے لڑکے ریاض کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا ہے۔ دو دیگر فرار ملزمین کی تلاش کی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ علاقے میں کشیدگی کی وجہ سے  اضافی پولیس فورس  تعینات کر دی گئی ہے۔

دینک جاگرن کی رپورٹ کے مطابق، دونوں فیملیوں کے درمیان پرانی رنجش تھی اور آئے دن دونوں فریقں  میں تنازعہ ہوتا رہتا تھا۔رپورٹ کے مطابق، بلقیس کی موت کے بعد مشتعل رشتہ دار اور مقامی لوگوں نے معاوضہ اور ملزمین کی گرفتاری کے لئے ہائی وے پر جام لگا دیا۔

 موقع پر پہنچے ڈپٹی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ جی پی یادو اور پولیس افسریادویندر کے سمجھانے کے بعد معاملہ ختم ہوا۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)