خبریں

حکومت کی تنقید کرنے والوں کو فوراً ’اینٹی نیشنل‘ کہہ دیا جاتا ہے: شبانہ اعظمی

مدھیہ پردیش میں ایک پروگرام کے دوران  اداکارہ اور سماجی کارکن شبانہ اعظمی نے کہا کہ ہمارے ملک کی بہتری کے لئے ضروری ہے کہ ہم اس کی برائیاں بھی بتائیں۔ اگر ہم برائیاں بتائیں‌گے ہی نہیں، تو حالات میں بہتری کیسے لائیں‌گے؟

اداکارہ اور سماجی کارکن شبانہ اعظمی (فوٹو بہ شکریہ : فیس بک)

اداکارہ اور سماجی کارکن شبانہ اعظمی (فوٹو بہ شکریہ : فیس بک)

نئی دہلی: ملک کی کمیاں دور کرنے کے لئے ان کو سامنے لائے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مشہور فلم اداکارہ اور سماجی کارکن شبانہ اعظمی نے سنیچر کی رات کہا کہ ماحول کچھ اس طرح کا بنایا جا رہا ہے کہ حکومت کی تنقید کرنے والے لوگوں کو فوراً ‘ اینٹی نیشنل ‘ کہہ دیا جاتا ہے۔شبانہ نے مدھیہ پردیش کے اندور شہر میں ایک پروگرام میں کہا، ‘ ہمارے ملک کی بہتری کے لئے ضروری ہے کہ ہم اس کی برائیاں بھی بتائیں۔ اگر ہم برائیاں بتائیں‌گے ہی نہیں، تو حالات میں بہتری کیسے لائیں‌گے؟ لیکن ماحول اس طرح کا بن رہا ہے کہ اگر آپ نے خاص کر حکومت کی تنقید کی، تو آپ کو فوراً ‘ اینٹی نیشنل ‘ کہہ دیا جاتا ہے۔ ‘

انہوں نے کہا، ‘ ہمیں اس سے ڈرنا نہیں چاہیے اور ان کے سرٹیفیکیٹ کی کسی کو ضرورت بھی نہیں ہے۔ ‘ انہوں نے کہا، ‘ ہم گنگا-جمنی تہذیب میں پلے بڑھے ہیں۔ ہمیں موجودہ حالات کے آگے گھٹنے نہیں ٹیکنا چاہیے۔ ‘اعظمی نے فرقہ پرستی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا، ‘ ہندوستان ایک خوبصورت ملک ہے۔ لوگوں کو بانٹنے کی کوشش اس ملک کے لئے صحیح نہیں ہو سکتی۔ ‘

مشہور اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ فرقہ وارانہ فسادات سے سب سے زیادہ تکلیف خواتین کو ہوتی ہے۔انہوں نے کہا، ‘ فسادات سے ایک خاتون کا گھر برباد ہوتا ہے، اس کے بچے بے گھر ہوتے ہیں اور وہ اسکول نہیں جا پاتے۔ فرقہ پرستی کا سب سے بڑا شکار خاتون ہی بنتی ہے۔ ‘آدھی آبادی کے مفاد میں قابل ذکر شراکت کے لئے اعظمی کو شہر کے آنندموہن ماتھر چیرٹیبل ٹرسٹ کی طرف سے ‘ کنتی ماتھر ایوارڈ ‘ سے نوازا گیا۔ وہ ایوارڈ کی  تقریب میں خطاب کر رہی تھیں۔

پروگرام میں سینئر کانگریسی رہنما اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیراعلیٰ دگوجئے سنگھ اور ان کی بیوی امرتا سنگھ بھی موجود تھیں۔خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق، مالیگاؤں دھماکے کی  ملزم اور بھوپال سے بی جے پی رکن پارلیامان پرگیہ ٹھاکر کی تنقید کرتے ہوئے سنگھ نے کہا، ‘ مہاتما گاندھی کا قتل کرنے والے شخص کو آج محب وطن بتاکر عزت  دی  جا رہی ہے۔ ایسی خبریں آ رہی ہیں کہ ناتھو رام گوڈسے کا مجسمہ بنایا جا رہا ہے، کیا ہمیں اس کے خلاف آواز نہیں اٹھانی چاہیے؟ ‘

انہوں نے کہا کہ فیک  نیوز دہشت گردی سے بھی بڑا خطرہ بن گیا ہے اور یہاں نفرت اور حسد کا ماحول بن چکا ہے۔غور طلب ہے کہ، حال  ہی میں ختم ہوئے لوک سبھا انتخاب میں پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے دگوجئے سنگھ کو ہرا دیا تھا۔