خبریں

پورے ملک میں پولیس فورس  کے 5.28 لاکھ عہدے خالی، اترپردیش میں سب سے زیادہ

وزارت داخلہ کے اعداد و شمار کے مطابق، سب سے زیادہ تقریباً 1.29 لاکھ عہدے اتر پردیش میں، بہار میں 50000 عہدے اور مغربی بنگال میں 49000 عہدے خالی ہیں۔ وہیں، ناگالینڈ پولیس ملک کی واحد ایسی فورس  ہے، جہاں طے شدہ تعداد سے 941 زیادہ ملازمین‎ کو بھرتی کیا گیا ہے۔

علامتی تصویر(فوٹو : رائٹرس)

علامتی تصویر(فوٹو : رائٹرس)

نئی دہلی: ملک بھر میں پولیس کے کل 5.28 لاکھ عہدے خالی ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ تقریباً 1.29 لاکھ عہدے اتر پردیش میں، بہار میں 50000 عہدے اور مغربی بنگال میں 49000 عہدے خالی ہیں۔وزارت داخلہ کے اعداد و شمار کے مطابق، تمام ریاستوں کی پولیس فورس  میں 2379728 منظور شدہ عہدے ہیں، جن میں سے 1851332 عہدوں کو   ایک جنوری، 2018 تک بھر لیا گیاتھا۔ وزارت کے ایک افسر نے بتایا کہ اس تاریخ تک کل 528396 عہدے خالی پڑے تھے۔

اتر پردیش میں پولیس فورس  میں عہدوں کی تعداد 414492 ہے۔ ان میں سے 285540 عہدے بھرے ہوئے اور 128952 عہدے خالی ہیں۔بہار میں 128286 منظور شدہ عہدوں میں سے 77995 عہدوں پر ملازمین کام کر رہے  ہیں اور یہاں 50291 عہدے خالی ہیں۔مغربی بنگال پولیس میں ایسی منظور شدہ تعداد 140904 ہے اور یہاں 48981 خالی عہدے ہیں۔ تلنگانہ میں 30345 خالی عہدے ہیں جبکہ یہاں 76407 عہدے منظور شدہ ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ناگالینڈ پولیس ملک کی واحد ایسی پولیس  فورس ہے جہاں 21292 عہدوں کی منظور شدہ تعداد سے 941 زیادہ ملازمین‎ کو بھرتی کیا گیا ہے۔افسروں نے بڑی تعداد میں عہدہ خالی ہونے کے لئے نئی تقرری کا عمل آہستہ ہونا، سبکدوشی اور بےوقت موت جیسی وجہوں کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

مہاراشٹر میں 26195 عہدے خالی ہیں جبکہ یہاں 240224 پولیس اہلکاروں  کے عہدے منظور شدہ ہیں اور مدھیہ پردیش میں 115731 منظور شدہ عہدوں میں کل اسامی 22355 ہیں۔تمل ناڈو پولیس میں 124130 منظور شدہ عہدوں کے برعکس 22420 عہدے خالی ہیں۔ کرناٹک پولیس میں 100243 منظور شدہ عہدوں میں سے 21943 عہدوں پر تقرری ہونی باقی ہے۔

گجرات پولیس کی کل 109337 اور جھارکھنڈ پولیس کی کل 79950 منظور شدہ تعداد میں اسامی بالترتیب : 21070 اور 18931 ہیں۔ راجستھان میں 106232 منظور شدہ عہدوں میں سے 18003 عہدے خالی ہیں۔آندھر پردیش پولیس میں، 72176 عہدوں میں سے، 17933 عہدے خالی ہیں، جبکہ ہریانہ میں 61346 عہدوں کی منظور شدہ تعداد میں سے 16844 عہدے خالی ہیں۔

نکسل متاثر چھتیس گڑھ میں منظور شدہ 71606 پولیس عہدوں میں 11916 عہدے خالی ہیں۔ اڑیسہ  پولیس کے پاس 66973 منظور شدہ عہدے ہیں اور یہاں خالی اسامی کی تعداد 10322 ہے۔انتہاپسند گروپوں سے متاثر آسام میں 65987 منظور شدہ عہدوں میں سے 11452 خالی عہدے ہیں، جبکہ جموں کشمیر میں 87882 منظور شدہ عہدوں میں 10044 عہدے خالی ہیں۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)