خبریں

مدھیہ پردیش: گئو تسکری کے الزام میں 25 لوگوں کی پٹائی، گئو ماتا کی جئے کے نعرے لگوائے

یہ معاملہ کھنڈوا ضلع‎ کا ہے، جہاں اتوار کو مبینہ گئورکشکوں نے 8 ٹرک میں مویشی   لے جا رہے لوگوں کو پکڑ‌کر ان کے ہاتھ رسی سے باندھے اور کھدیڑتے ہوئے تھانے تک لےکر گئے۔

علامتی تصویر : پی ٹی آئی

علامتی تصویر : پی ٹی آئی

نئی دہلی: مدھیہ پردیش کے کھنڈوا ضلع میں اتوار کو گئو تسکری  کے الزام میں مبینہ گئورکشکوں نے 25 لوگوں کو پکڑ‌کر رسی سے باندھا اور تھانہ تک ان سے گئو ماتا کی جئے کے نعرے لگوائے۔رسی سے ان سبھی کے ہاتھ باندھ‌کر ان کو تقریباً دو کلومیٹر تک لاٹھی-ڈنڈوں سے کھدیڑ‌کر کھنڈوا پولیس تھانے لے گئے۔ بعد میں ان تمام مبینہ گئو تسکروں  کو انہوں نے پولیس کے حوالے کر دیا۔

یہ واقعہ کھنڈوا ضلع سے تقریباً 60 کلومیٹر دور سانولی کھیڑا گاؤں کا ہے۔ اس معاملے میں پولیس نے مویشی  کی مبینہ طور پر اسمگلنگ کرنے والوں اور ان کو پکڑنے والے گاؤں والوں ، دونوں کے خلاف معاملہ درج کیا ہے۔گاؤں والوں کے مطابق؛ یہ لوگ ٹرک میں مویشیوں   کی تسکری  کر رہے تھے۔ ان لوگوں کے ذریعے اس واقعہ کا ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر ڈالا گیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے ویڈیو میں دکھائی دے رہا ہے کہ مبینہ گئو تسکروں کے ہاتھ کو ایک بڑی رسی سے باندھا گیا اور کان پکڑواکر ان کو مرغا بھی بنایا گیا۔ ان کے ارد گرد چل رہے گاؤں والے ان کو سڑک پر کھدیڑتے ہوئے لے جاتے دکھائی دے رہے ہیں۔ ان میں سے کچھ کے ہاتھ میں ڈنڈے بھی نظر آ رہے ہیں۔

ان کے پیچھے مویشی   سے لدے وہ ٹرک بھی تھانے لے جائے جاتے نظر آ  رہے ہیں، جن میں مویشیوں   کی مبینہ تسکری  کی بات کہی جا رہی تھی۔ مبینہ گئورکشکوں نے ملزمین سے اٹھک-بیٹھک کروااکر ان سے گئو ماتا کی جئے بھی بلوایا۔

اس کے بعد ان گاؤں والوں نے ان سبھی  مبینہ گئو تسکروں ، مویشی   اور ٹرک کو پولیس کے حوالے کر دیا۔کھنڈوا پولیس تھانہ انچارج ہری شنکر راوت نے کہا، ‘ مویشی  لے جانے میں   پکڑے گئے تمام 25 ملزمین کے خلاف معاملہ درج کر لیا گیا ہے اور تفصیلی تفتیش جاری ہے۔ ‘انہوں نے بتایا کہ 21 مویشی ضبط کئے گئے ہیں۔ ان کو پاس کے ہی گاؤں کھار کی گئوشالہ میں بھیج دیا گیا ہے۔

راوت نے بتایا کہ تقریباً 100 گاؤں والوں نے ان مبینہ گئو تسکروں  کو کھنڈوا ضلع کے سانولی کھیڑا گاؤں میں آج صبح اس وقت پکڑا، جب یہ آٹھ ٹرک میں بھر‌کر گائے کو لے جا رہے تھے۔ گاؤں والوں نے ان کے ساتھ مبینہ طورپربد سلوکی کی۔راوت نے کہا کہ تمام ملزم ہردا ضلع سے مویشی کو ٹرک میں لاد‌کر کھنڈوا ہوتے ہوئے جنگل کے راستے مبینہ طور پر ذبح کے لئے پڑوسی ریاست مہاراشٹر لے جا رہے تھے۔

کھنڈوا ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ شیو دیال سنگھ نے کہا، ‘ ہم نے ان لوگوں کے خلاف معاملہ درج کر لیا ہے، جو بنا اجازت کے گائے کو لے جا رہے تھے۔ وہیں، ہم نے کسانوں کے علاوہ ان گاؤں والوں کے خلاف بھی معاملہ درج کیا ہے، جنہوں نے مویشی لے جانے والوں کو پکڑنے کے بعد پولیس کو جانکاری نہیں دی اور ان کے ساتھ غلط برتاؤ کیا۔ ‘

این ڈی ٹی وی کے مطابق؛ سنگھ نے یہ بھی بتایا کہ ملزمین کا دعویٰ ہے کہ وہ مویشیوں کے مالک ہیں اور ان کو مہاراشٹر سے سٹے مویشی میلے میں لے جا رہے تھے، لیکن کسی کے پاس بھی اپنے دعووں کو ثابت کرنے کے لئے مناسب  دستاویز نہیں تھے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)