خبریں

گجرات: کانگریس کے سابق ایم ایل اے الپیش ٹھاکور اور دھول سنگھ جالا بی جے پی میں شامل

الپیش ٹھاکور اور دھول سنگھ جالا نے 5 جولائی کو ہوئے راجیہ سبھا ضمنی انتخابات میں مبینہ طور پر کانگریس امیدواروں کے خلاف ووٹ کرنے کے بعد ایم ایل اے کے عہدے سے استعفیٰ دے دیاتھا۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: گجرات میں کانگریس کے سابق س ایم ایل اے الپیش ٹھاکور اور دھول سنگھ جالا  جمعرات کو بی جے پی میں شامل ہو گئے۔ دونوں گاندھی نگر میں واقع بی جے پی ہیڈکوارٹر میں ایک پروگرام میں پارٹی میں شامل ہوئے۔ اس دوران  گجرات کے بی جے پی  صدر جتیو واگھانی بھی موجود تھے۔ٹھاکور اور جالانے راجیہ سبھا ضمنی انتخابات  میں مبینہ طور پر کانگریس امیدواروں کے خلاف ووٹ کرنے کے بعد اسی دن 5 جولائی کو  ایم ایل اے کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

پاٹن ضلع کے رادھن پور سے ایم ایل اے  رہے ٹھاکور (43)نے کہا تھا کہ وہ کانگریس میں خوش نہیں تھے۔ وہ  2017 کے  اسمبلی انتخابات سے  کچھ عرصہ پہلے کانگریس میں شامل ہوئے تھے۔ٹھاکور کے قریبی جالا سابرکانٹھا کے بایڈ سے ایم ایل اے تھے۔انھوں نے کہا تھا کہ وہ کانگریس میں اچھا محسوس نہیں کر رہے تھے۔

ٹھاکور نے 2019 کے لوک سبھا انتخابات سے ٹھیک پہلے اپریل میں کانگریس کے سبھی عہدوں سے استعفیٰ دے دیا تھا۔بی جے پی نے لوک سبھا انتخابات میں گجرات میں دوسری بار سبھی 26 سیٹوں پر جیت حاصل کی تھی۔اس وقت چرچہ تھی کہ ٹھاکور پاٹن لوک سبھا سیٹ سے الیکشن لڑنا چاہتے تھے لیکن کانگریس نے اس سیٹ کے لیے سابق ایم پی جگدیش ٹھاکور کو چنا۔

گجرات میں او بی سی رہنما کے طور پر ابھرنے کے بعد الپیش ٹھاکور 2017 کے ریاست کے اسمبلی الیکشن سے پہلے کانگریس میں شامل ہو گئے تھے اور پاٹن ضلع کی رادھن پور اسمبلی سیٹ سے جیت درج کرنے میں کامیاب رہے تھے۔

ٹھاکور 2015 میں ہاردک پٹیل کی قیادت والے پاٹیدار آندولن کے وقت چرچہ میں آئے تھے۔ اس وقت انھوں نے او بی سی کمیونٹی کے مدعوں کو اٹھانے والے گجرات شتریہ ٹھاکور سینا کے علاوہ او بی سی ،ایس سی ایس ٹی ایکتا منتر کی تشکیل کی تھی۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)