خبریں

بہار: ڈائن بتا کر خاتون کا پیٹ-پیٹ‌ کر قتل

یہ معاملہ بہار کے نوادہ ضلع‎ کا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ اس معاملے میں کل 12 لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔ کلیدی  ملزم سمیت چار دیگر کو گرفتار کرکے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔

Screenshot-182-e1563950204902

نئی دہلی: بہار کے نوادہ ضلع کے گووند پور تھانہ کے تحت کوئلی گڑھ گاؤں میں منگل کو کچھ لوگوں نے ایک خاتون کو ڈائن بتاکر اس کا پیٹ-پیٹ‌کر قتل کر دیا۔گووند پور تھانہ انچارج جیوتی پنج نے بتایا، ‘ مرنے والی  خاتون کا نام منتی دیوی (50) ہے، جو کوئلی گڑھ گاؤں کےرہنے والے پرساد مانجھی کی بیوی تھیں۔ ‘انہوں نے بتایا کہ لاش کو قبضے میں لےکر پوسٹ مارٹم کے لئے نوادہ صدر ہاسپٹل بھیج دیا گیا ہے۔

مرنے والی  منتی دیوی کے شوہر نے اس معاملے میں کل 12 لوگوں برجو مانجھی، سریش مانجھی، نریش مانجھی، کارو مانجھی، کنا مانجھی، انیل مانجھی، تلسی مانجھی، منی مانجھی، سکھ دیو مانجھی اور سنجے مانجھی کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے۔پنج نے بتایا، ‘ اس معاملے میں  ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور کلیدی  ملزم برجو مانجھی اور تین دیگر ملزمین سریش مانجھی، کارو مانجھی اور نریش مانجھی کو گرفتار کرکے ان سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔ ‘

انہوں نے بتایا کہ واردات میں ملوث دیگر لوگوں کی گرفتاری کے لئے پولیس چھاپہ ماری کر رہی ہے۔ پنج نے بتایا، ‘ تمام ملزم کوئلی گڑھ گاؤں کے ہیں۔ ‘وہیں رجولی کے پولیس انسپکٹر ونود کمار سنگھ اور بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر کنج بہاری سنگھ نے اطلاع ملتے ہی کوئلی گڑھ گاؤں پہنچ‌کر جائے  واردات کا جائزہ لیا۔پرساد مانجھی نے بتایا کہ ان کی بیوی منگل کی صبح جب پانی لانے کے لئے گئی تھی تب وہاں تمام ملزم پہلے سے گھات لگائے بیٹھے تھے۔ انہوں نے ڈائن ہونے کا الزام لگاتے ہوئے منتی دیوی کی بری طرح پٹائی کر دی۔

انہوں نے بتایا کہ زخمی منتی دیوی کو لےکر وہ تھانے پہنچے۔ گووند پور تھانہ انچارج نے منتی دیوی کہ حالت نازک  دیکھ کر ان کو علاج کے لئے فوراً مقامی پرائمری ہیلتھ سینٹر بھیج دیا، جہاں کے ڈاکٹر ششوپال راؤ نے منتی دیوی کی موت کا اعلان کر دیا۔اس سے پہلے گزشتہ 20 جولائی کو 10 سے 12 لوگوں نے جھارکھنڈ کے گملا ضلع میں ڈائن بتاکر دو خاتون سمیت 4 لوگوں کا لاٹھی ڈنڈوں سے پیٹ-پیٹ‌کر قتل کر دیا تھا۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)