خبریں

برندا کرات نے امت شاہ کو لکھا خط، نفرت پھیلانے والے ویڈیو پر کارروائی کی مانگ کی

کرات نے کہا،’یہ ویڈیو کسی ایک کمیونٹی کے ذریعے کسی خاص کمیونٹی کے خلاف تشدد بھڑکانے اور ان کو دھمکانے والے ہیں۔ ‘

برندا کرات۔(فوٹو بہ شکریہ : ٹوئٹر / سی پی آئی (ایم))

برندا کرات۔(فوٹو بہ شکریہ : ٹوئٹر / سی پی آئی (ایم))

نئی دہلی: سی پی ایم  کی سینئر رہنما اور پارٹی پولت بیورو کی ممبر برندا کرات نے جمعرات کو وزیر داخلہ امت شاہ کو خط لکھ‌کر فرقہ وارانہ تشدد، نفرت پھیلانے والے ویڈیو کی تشہیر کی اجازت دینے کے لئے یوٹیوب کے خلاف کارروائی کی مانگ کی۔کرات نے ایسا ہی ایک خط  ڈپٹی کمشنر آف پولیس (سینٹرل) مندیپ سنگھ رندھاوا کو بھی لکھا ہے جس میں انہوں نے ایسے کچھ ویڈیو کے لنک کی لسٹ دی ہےجس میں  مسلمانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

کرات نے شاہ کو لکھے خط میں کہا، ‘ میں آپ کو یہ خط یوٹیوب چینلوں اور وہاٹس ایپ گروپ پر موجود ایسے ویڈیو کے بارے میں  لکھ رہی ہوں، جو کسی خاص کمیونٹی کی طرف سے دوسری کمیونٹی کے خلاف واضح طور پر فرقہ وارانہ تشدد، نفرت اور ڈر پیدا کرنے کے لئے تیار کیا گیا ہے۔ ‘

 ڈپٹی کمشنر آف پولیس  کو لکھے خط میں انہوں نے کہا کہ ان ویڈیو میں ایک خاص کمیونٹی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے لکھا، ‘ یہ ویڈیو کسی ایک کمیونٹی کے ذریعے کسی خاص کمیونٹی کے خلاف تشدد بھڑکانے اور ان کو دھمکانے والے ہیں۔ ‘انہوں نے کہا کہ ویڈیو اور ان کی تشہیر آئی پی سی اور آئی ٹی قانون کے ساتھ ساتھ دہشت گردانہ سرگرمیوں کے خلاف قوانین کے تحت مجرمانہ معاملہ  ہے۔

کرات نے کہا، ‘ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ اس طرح کے ملک مخالف مواد کو اپنے چینل پر تشہیر کی اجازت دینے کے لئے یو ٹیوب چینلوں کے مالک / ان کو چلانے والے لوگ بھی یکساں طور پر  مجرم  ہیں۔ چونکہ یو ٹیوب کی پہنچ دنیا بھر میں ہے، اس لئے ہندوستان سے نکلنے والے ایسے فرقہ وارانہ نفرت اور بےشمار اشتعال انگیز ویڈیو دنیا بھر میں ہندوستان کی امیج کو شدیدطور پر نقصان پہنچاتے ہیں اور اس کے خطرناک نتائج  ہو سکتے ہیں۔ ‘انہوں نے ایف آئی آر درج کرانے کی بھی مانگ کی ہے۔ انہوں نے ویڈیو کو ہٹانے کے لئے یوٹیوب پر دباؤ بنانے اور اس قابل اعتراض مواد کی تشہیر کو روکنے کی بھی مانگ کی ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)