خبریں

کرناٹک: یدورپا آج وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں‌ گے

کرناٹک بی جے پی کے صدر یدورپا نے جمعہ کو گورنر سے ملاقات کرنے کے بعد کہا کہ وہ آج شام 6 بجے وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں‌گے۔

کرناٹک بی جے پی صدر بی ایس یدورپا (فائل فوٹو : پی ٹی آئی)

کرناٹک بی جے پی صدر بی ایس یدورپا (فائل فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: کرناٹک بی جے پی صدر بی ایس یدورپا آج شام چھے بجے وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں‌گے۔ گورنر نے ان کو حکومت بنانے کی دعوت دی ہے۔ وہیں اسمبلی اسپیکر کے آر رمیش کمار نے تین باغی ایم ایل اے کو اسمبلی کی موجودہ مدت کار کے لئے نااہل قرار دیا ہے۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، بی ایس یدورپا جمعہ کی شام چھے بجے کرناٹک کے وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں‌گے۔ یدورپا نے گورنر وجوبھائی والا سے درخواست کی تھی کہ وہ ان کو آج وزیراعلیٰ کے عہدے کاحلف لینے دیں۔

یدورپانے جمعہ کی صبح 10 بجے گورنر وجوبھائی والا سے ملاقات کی تھی اور حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا تھا۔یدورپانے گورنر سے ملاقات کرنے کے بعد بتایا کہ وہ آج شام چھے بجے وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں‌گے۔

گورنر سے ملاقات کرکے یدورپا نے 105 ایم ایل اے کی حمایت والا خط سونپا اور بتایا کہ ان کو ایم ایل اے جماعت کا رہنما چنا گیا ہے۔اس سے پہلے اسمبلی کےاسپیکر کے آر رمیش نے تین ایم ایل اے کو نااہل قرار دیا، جن تین باغی ایم ایل اے کو نااہل قراردیا گیا ہے، ان میں سے ایک آزاد ایم ایل اے آر شنکر ہیں۔ اس کے ساتھ ہی کانگریس کے دو باغی ایم ایل اے رمیش جرکی ہولی اور مہیش کوماتلی کو بھی نااہل قرار دیا گیا ہے۔

اسمبلی کے اسپیکر نے کہا ہے کہ وہ استعفیٰ دینے والے باقی کے 14 ایم ایل اے کے خلاف ان کو نااہل قرار دینے کے لئے درج شکایتوں پر بھی غور کر رہے ہیں اور اس بارے میں جلد ہی فیصلہ کریں‌گے۔کمار نے کہا کہ دل بدل مخالف قانون کے تحت نااہل قرار دئے گئے ممبر نا تو انتخاب لڑ سکتے ہیں، نا ہی ایوان کی مدت کار  ختم ہونے تک اسمبلی کے لئے چنے جا سکتے ہیں۔

غور طلب ہے کہ کرناٹک میں کانگریس-جے ڈی ایس کی حکومت اسمبلی میں ٹرسٹ ووٹ حاصل کرنے میں ناکام رہی تھی  اور صرف چھے ووٹ سے حکومت گر گئی تھی۔ 23 جولائی کو اسمبلی میں ٹرسٹ ووٹ میں کمارسوامی کی حکومت اقلیت میں آ گئی تھی ۔کمارسوامی کے ذریعے پیش کیے گئے ٹرسٹ ووٹ کےحق میں 99 اور مخالفت میں 105 ووٹ پڑے تھے۔اس طرح کمار سوامی حکومت ٹرسٹ ووٹ ہار گئی تھی۔