خبریں

اناؤ ریپ کیس: سڑک حادثے میں متاثرہ شدید طور پر زخمی، ماں نے بی جے پی ایم ایل اے کو ذمہ دار ٹھہرایا

متاثرہ کی ماں نے الزام لگایا ہے کہ اس  حادثہ کے لیے بی جے پی ایم ایل اے ذمہ دارہے۔۔ اناؤ ضلع ‎ کے بانگرمؤ سے بی جے پی ایم ایل اے کلدیپ سنگھ سینگر پر متاثرہ لڑکی سے ریپ  کا الزام ہے۔ اس معاملے کی تفتیش سی بی آئی کر رہی ہے۔

 (فوٹو بہ شکریہ : اے این آئی)

(فوٹو بہ شکریہ : اے این آئی)

نئی دہلی: بی جے پی ایم ایل اے کلدیپ سنگھ سینگر پر ریپ  کا الزام لگانے والی لڑکی اتوار کو ایک سڑک حادثے میں شدیدطور پر زخمی ہو گئی ۔اتر پردیش کے رائےبریلی شہر میں ہوئے اس حادثے میں لڑکی  کی چاچی اور موسی کی موت ہو گئی، جبکہ لڑکی اور ان کا مقدمہ لڑ رہے وکیل شدیدطور پر زخمی ہیں۔

 متاثرہ کی ماں نے الزام لگایا ہے کہ اس  حادثہ کے لیے بی جے پی ایم ایل اے ذمہ دارہے۔ان کا کہنا ہے کہ،’ہمیں معلوم ہوا ہے کہ ایم ایل اے کے لوگ ذمہ دار ہیں۔یہ لوگ گزشتہ کوئی دنوں سے دھمکی دے رہے تھے۔جب بھی ہم کورٹ جاتے تھے تو کہتے تھےکہ وہ بھلے ہی جیل میں ہیں ،لیکن ان کے آدمی باہر ہیں۔وہ جیل کے اندر موبائل فون استعمال کرتا تھا۔ہمیں انصاف چاہیے۔’

حالانکہ اے ڈی جی لکھنؤ راجیو کرشنا نے اس کو سڑک حادثہ ہی بتایا ہے۔انھوں نے کہا کہ،’متاثرہ کے چاچا مہیش سنگھ کی شکایت پر کیس درج کر لیا گیاہے۔’

ٹائمس آف انڈیا سے بات چیت میں لکھنؤ رینج کے آئی جی ایس کے بھگت نے بتایا کہ حادثے میں لڑکی  کی چاچی اور ایک دیگر رشتہ دار کی موت ہو گئی۔ایس کے بھگت نے بتایا کہ ٹرک کے مالک دیویندر سنگھ اور ڈرائیور امت پال کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ موقع واردات کی تفتیش کے لئے لکھنؤ سے ایک فارینسک ٹیم بھیجی گئی ہے۔ریپ  متاثرہ اپنی فیملی کے ساتھ رائےبریلی جیل میں بند اپنے چچا سے ملنے گئی ہوئی تھیں۔ حادثہ رائے بریلی جیل سے 15 کلومیٹر دور تب ہوا جب فتح پور سے آ رہی ایک ٹرک سے ان کی کار کی ٹکر ہو گئی۔

دینک جاگرن کی رپورٹ کے مطابق، حادثہ گروبکش گنج تھانہ حلقے میں رائے بریلی-باندا ہائی وے پر سلطان پور کھیڑا موڑ‌کے پاس ہوا۔ ٹرک کا نمبر یوپی 71 اے ٹی 8300 ہے اور نمبر پلیٹ ٹرک کے آگے اور پیچھے دونوں طرف لگے ہوئے ہیں۔ حالانکہ دونوں طرف کے نمبر پلیٹوں پر گریس پوتا گیا تھا، تاکہ نمبر نہ دکھ سکے۔

اناؤکے پولیس سپرنٹنڈنٹ ایم کے ورما نے بتایا، ‘ جس وقت حادثہ ہوا اس وقت متاثرہ کو مہیا کرائے گئے سکیورٹی گارڈ ان کے ساتھ نہیں تھے۔ معاملے کی تفتیش جاری ہے۔ تفتیش ختم ہونے کے بعد کارروائی کی جائے‌گی۔ ‘خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے بات چیت میں کانگریس ایم ایل اے آرادھنا مشرا نے کہا، ‘ اناؤریپ  کی متاثرہ  مشتبہ حالات میں سڑک حادثے کا شکار ہو گئیں۔ حادثے میں ان کی فیملی کے دو ممبروں کی موت ہو گئی۔ کانگریس اس واقعہ کی تفتیش کی مانگ کرتی ہے۔ ‘

غور طلب ہے کہ اس ریپ کے معاملے میں اتر پردیش میں اناوؤضلع کے بانگرمؤ سے بی جے پی ایم ایل اے کلدیپ سنگھ سینگر ملزم ہیں۔ فی الحال وہ اور ان کے بھائی اتل سینگر جیل میں بند ہیں۔ لڑکی  کا الزام ہے کہ سال 2017 میں بی جے پی ایم ایل اے کلدیپ سنگھ سینگر نے ان کا اغوا کر کے ان کے ساتھ ریپ کیا تھا۔

گزشتہ سال اناؤریپ معاملہ قومی سطح پر تب سرخیوں میں آیا تھا جب ریپ کی متاثرہ اور ان کی ماں نے لکھنؤ میں اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی رہائش گاہ کے سامنے خودسوزی کی کوشش کی تھی۔اس کے بعد متاثرہ کے والد کی پولیس حراست میں موت ہو گئی تھی۔ پولیس نے ان کو آرمس ایکٹ کے تحت حراست میں لیا تھا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ان کے جسم پر چوٹ کے نشان پائے جانے کی بات سامنے آئی تھی۔

یوپی پولیس کے ذریعے بی جے پی ایم ایل اے کلدیپ سنگھ سینگر کا بچاؤ کرنے کے الزامات کے بعد یہ معاملہ سی بی آئی کو سونپ دیا گیا تھا۔ سی بی آئی نے معاملے میں تین ایف آئی آر درج کی ہیں۔ یہ معاملے لڑکی کے مبینہ ریپ، اس کے والد کا قتل اور لڑکی کے الد پر آرمس ایکٹ کے تحت درج معاملہ جس کی بنیاد پر پولیس نے ان کو گرفتار کیا تھا،سے جڑے ہوئے ہیں۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)