خبریں

مین ورسیس وائلڈ کے اسپیشل ایپی سوڈ میں نظر آئیں گے وزیراعظم مودی

پلواما حملے کے بعد وزیراعظم نریندر مودی پر یہ الزام لگا تھا کہ جس وقت یہ حملہ ہوا،تب وہ جم کاربیٹ نیشنل پارک میں شوٹنگ کر رہے تھے۔

فوٹو: بہ شکریہ ڈسکوری چینل

فوٹو: بہ شکریہ ڈسکوری چینل

نئی دہلی:ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی مشہور وائلڈ لائف شو،مین ورسیس وائلڈ کے ایک اسپیشل ایپی سوڈ میں دکھائی دیں گے۔ یہ ایپی سوڈ ڈسکوری انڈیا پر 12 اگست کو رات 9 بجے نشر ہوگا۔اس پروگرام کے ہوسٹ بیئرگرلز نے اس ایپی سوڈ کا ایک ویڈیوٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے یہ جانکاری دی ہے۔

گرلز نے لکھا،’180 ممالک کے لوگوں کو وزیراعظم نریندر مودی کی زندگی کے ان دیکھے پہلوؤں کے بارے میں معلوم ہوگا جب وہ اینیمل کنزرویشن اینڈ انوائرمینٹل چینج کے بارے میں بیداری لانے کے لیے ہندوستانی جنگلات میں جانے کا جوکھم اٹھائیں گے۔’

ڈسکوری چینل کی طرف سے جاری پریس ریلیز میں وزیراعظم مودی کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ اس شو کے ذریعے سے ان کو یہ موقع ملا ہے کہ وہ دنیا کو ہندوستان کی ماحولیاتی وراثت اور ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت سمجھا سکیں۔گرلز کے ذریعے شیئر کیے گئے پرومو میں گرلز اور مودی ایک جنگلی ندی کو پار کرنے کے لیے رافٹ بناتے نظر آتے ہیں۔جم کاربیٹ نیشنل پارک میں شوٹ ہوا یہ ایپی سوڈ ہندی اور انگریزی کے علاوہ بنگلہ،تمل اور تیلگو میں نشر ہوگا۔

غور طلب ہے کہ پلواما حملے کے بعد وزیراعظم نریندر مودی پر یہ الزام لگا تھا کہ جس وقت یہ حملہ ہوا،تب وہ جم کاربیٹ نیشنل پارک میں شوٹنگ کر رہے تھے۔اس کے علاوہ مارچ مہینے میں انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ 14 فروری ،جس دن جموں و کشمیر کے پلواما میں سی آر پی ایف کی ٹکڑی پر حملہ ہوا تھا،کے آس پاس بیئر گرلز اتراکھنڈ کے جم کاربیٹ ٹائیگر ریزرو کے ڈھکالا میں تھے۔