خبریں

اناؤ ریپ کیس: متاثرہ نے ایکسیڈنٹ سے تقریباً 2 ہفتہ پہلے سی جے آئی کو خط لکھ‌ کر مانگی تھی مدد

چیف جسٹس رنجن گگوئی کو لکھے خط میں متاثرہ نے کہا، ’لوگ میرے گھر پر آئے اور معاملے کو واپس لینے کے لئے دھمکی دی۔ انہوں نے کہا کہ اگر میں ایسا نہیں کرتی ہوں تو پوری فیملی  کوفرضی معاملوں میں جیل میں ڈال دیاجائے‌گا۔ ‘

چیف جسٹس رنجن گگوئی (فوٹو : پی ٹی آئی)

چیف جسٹس رنجن گگوئی (فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: اناؤریپ  کیس کی متاثرہ نے ایکسیڈنٹ سے تقریباً دو ہفتے پہلے ہندوستان کے چیف جسٹس (سی جے آئی) رنجن گگوئی کو خط لکھ‌کر اپنی تکلیف  بتاتے ہوئے ان سے مدد کی درخواست کی تھی۔خبر رساں ایجنسی اے این آئی  کے مطابق، متاثرہ نے 12 جولائی 2019 کو جسٹس رنجن گگوئی کو خط لکھا تھا۔ خط میں متاثرہ نے بتایا کہ کس طرح ان کو اور ان کی پوری فیملی کو دھمکایا جا رہا ہے اور ملزمین کے خلاف سخت کارروائی کی مانگ کی۔

چیف جسٹس کو لکھے خط میں انہوں نے کہا، ‘ لوگ میرے گھر پر آئے اور معاملے کو واپس لینے کے لئے دھمکایا۔ انہوں نے کہا کہ اگر میں ایسا نہیں کرتی ہوں تو پوری فیملی کو فرضی معاملوں میں جیل میں ڈال دیا جائے‌گا۔ ‘گزشتہ اتوار کو رائے بریلی میں ایک تیز رفتار ٹرک نے ایک کار کو ٹکر مار دی تھی، جس میں متاثرہ اور ان کے رشتہ دار اور وکیل سوار تھے۔ حادثے میں متاثرہ کے دو رشتہ داروں کی موت ہو گئی اور متاثرہ اور وکیل کی حالت بےحد نازک ہے۔

اس دوران اترپردیش حکومت نے اناؤسے بی جے پی ایم ایل اے کلدیپ سنگھ سینگر پر ریپ  کا الزام لگانے والی متاثرہ کے رائے بریلی میں ہوئے سڑک حادثہ کی جانچ  سی بی آئی کو سونپےنے کی گزشتہ سوموار کو دیر رات سفارش کر دی ہے۔اس کے علاوہ ایکسیڈنٹ معاملے میں سوموار کو بی جے پی ایم ایل اے کلدیپ سنگھ سینگر سمیت 10 نامزد اور 15-20 نامعلوم لوگوں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا۔

وہیں گزشتہ سوموار کو دہلی کے انڈیا گیٹ پر بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے اور متاثرہ کے تئیں یکجہتی ظاہر کرتے ہوئے انصاف کی مانگ کی۔ اس دوران لوگ پوسٹر بھی لئے ہوئے تھے، جس پر لکھا تھا-‘ تم اکیلی نہیں ہو۔ ‘متاثرہ نے سال 2017 میں اناؤکے بی جے پی ایم ایل اے سینگر پر ریپ  کا الزام لگایا تھا۔ اس معاملے میں سینگر کو گرفتار کیا گیا تھا۔ اس وقت سینگر جیل میں ہیں۔